تل ابیب - فلسطینی نوجوان کا اسرائیلی بس مسافرین پر چاقو سے حملہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-22

تل ابیب - فلسطینی نوجوان کا اسرائیلی بس مسافرین پر چاقو سے حملہ

تل ابیب
پی ٹی آئی
جنوبی تل ابیب کے ایک اہم راستہ پر آج ایک23سالہ فلسطینی نوجوان جو چاقو سے لیس تھا ، ایک بس مسافرین پر دیوانہ وار انداز میں چاقو سے حملہ کرتے ہوئے کم از کم12اسرائیلیوں کو زخمی کردیا۔ اس کے بعد اس حملہ آور پر فائرنگ کرکے اسے زخمی کردیا گیا اور تحویل میں لے لیا گیا ۔ دہشت پسندانہ’’ تنہا حملوں‘‘ کی سیریز میں یہ تازہ ترین حملہ تھا۔ ایسے حملوں میں حملہ آوروں نے چاقوؤں کے علاوہ چھڑوں، ستوروں اور گاڑیوں کا بطور اسلحہ استعمال کیا ہے۔ آج کے حملہ میں 3افراد شدید طور پر زخمی ہوئے جب کہ دیگر9افراد بشمول ڈرائیور کو زیادہ شدید زخم نہں آئے ۔ بچاؤ سرویسس کے ترجمان ایم ڈیوڈ آدم نے یہ بات بتائی ۔ پولیس کی جاری کردہ تصویروں میں ایک بڑے چاقو کو زمین پر پڑادکھایا گیا ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ جس بس پر حملہ ہواوہ مناہم بیگن روڈ پر سے جارہی تھی۔ حملہ آور نے فرار ہونے کی کوشش کی لیکن اس کا پیچھا کیا گیا اور وہاں سے گزرنے والے ایک جیل افسر نے اس کے پاؤں میں گولی مار دی۔ حملہ آور کو ہسپتال لے جایا گیا جہاں اس سے پوچھ تاچھ جاری ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ مغربی کنارہ کے شہر تلکارم سے تعلق رکھنے والا یہ23سالہ نوجوان، اسرائیل میں غیر قانونی طور پر مقیم تھا ۔ اسرائیل کے وزیر داخلی سلامتی ایزک اہارو نووچ نے بتایا کہ’’ یہ دہشت گرد کسی ورک ویزا کے بغیر اسرائیل میں تھا۔‘‘
اسرائیلی پولیس کے فارن پریس ترجمان مکی روزن فیلڈ نے بتایا کہ چاقو زنی کی اس واردات کو’’دہشت پسندانہ حملہ‘‘ متصور کیاجارہا ہے ۔ اسی دوران اسلام پسند تنظیم حماس نے آج کے چاقو زنی حملہ کی ستائش کی ہے اور اس کو’’دلیرانہ اقدام‘‘ قرار دیا ہے ۔(حماس تنظیم، غزہ پٹی پر کنٹرول کرتی ہے اور اس تنظیم کے منشور میں اسرائیل کی مکمل تباہی کا عہد کیا گیا ہے ) حماس پولیٹیکل بیورو کے ایک رکن ایزک الریشق نے بتایا کہ’’ آج صبح کیا گیا حملہ جرات مندانہ اور دلیرانہ اقدام تھا اور فلسطینی عوام کے خلاف دہشت گردی اور فلسطینی علاقہ پر قبضہ جیسے جرائم کا فطری جواب تھا۔‘‘ یہاں یہ تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ حالیہ عرصہ میں تنہا دہشت گردی کے حملے پیش آئے ہیں۔ گزشتہ جون سے اسرائیلیوں اور فلسطینیوں کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی ہے ۔ گزشتہ جون میں3اسرائیلی باز آباد کاروں کو اغوا کرلیا گیا تھا اور مغربی کنارہ میں انہیں ہلاک کردیا گیا تھا ۔ اغوا کے واقعات کے نتیجہ میں متعدد حملوں کے واقعات پیش آئے اور غزہ میں50روز تک جنگ ہوتی رہی جس میں2100سے زیادہ فلسطینی اور71 اسرائیلی یہودی ہلاک ہوگئے ۔ گزشتہ نومبر میں یروشلم کے قریبی علاقہ ہارنوف میں ایک یہودی عبادت گاہ پر دہشت پسندانہ حملہ میں5اسرائیلی ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے ۔ تل ابیب میں چاقو سے ایک حملہ میں ایک اسرائیلی سپاہی ہلاک ہوا تھا جب کہ ایک علیحدہ واقعہ میں مقبوضہ مغربی کنارہ میں ایک اسرائیلی خاتون بھی چاقو زنی سے ہلاک ہوئی تھی ۔

Knife attack on Tel Aviv bus: 12 wounded

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں