اوباما مودی بات چیت - دفاع و دیگر موضوعات پر توجہ مرکوز کی جائے گی - جان کیری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-13

اوباما مودی بات چیت - دفاع و دیگر موضوعات پر توجہ مرکوز کی جائے گی - جان کیری

گاندھی نگر
پی ٹی آئی
صدر بارک اوباما کے جاریہ ماہ کے اواخر میں دورہ دہلی کے موقع پر امریکہ اور ہندوستان دفاعی و سیول نیو کلیر تعاون کے معاملہ میں پیشرفت کرنے کی کوشش کریں گے۔ سکریٹری آف اسٹیٹ جان کیری نے آج یہ بات بتائی ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہیں امید ہے کہ ہندوستان جاریہ سال کے اواخر میں پیرس میں تاریخی تبدیلی ماحولیات معاہدہ پر دستخط کرے گا اور یہ اوباما اور مودی کی بات چیت کا ایک حصہ ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ اوباما، جاریہ سال یوم جمہوریہ جشن میں ہندستان کے مہمان خصوصی ہوں گے ۔ وہ مودی کے ساتھ باہمی اور دیگر مسائل پر بات چیت کریں گے ۔ جان کیری نے مودی کے ساتھ بات چیت کی تفصیلات سے نامہ نگاروں کو واقف کراتے ہوئے کہا کہ ہم دفاعی معاہدوں، سیول نیو کلیر معاہدے کے علاوہ معاشی ترقی معاہدہ کے سلسلے میں پیشرفت کرنے کی کوشش کریں گے ۔ ہم بحری سیکوریٹی کو مستحکم بنانے کے لئے بھی مل جل کر کام کررہے ہیں ، اور دہشت گردی ، قزاقی اور اجتماعی تباہی کے ہتھیار کے پھیلاؤ سے نمٹنے اپنی شراکت داری کو مستحکم بنانے کی کوشش کررہے ہیں ۔ ہم کلیدی سیاسی و سیکوریٹی مسائل پر علاقائی بات چیت کے بھی پابند ہیں ۔
واضح رہے کہ سال2008میں دونوں ممالک کے درمیان تاریخی نیو کلیر معاہدہ کے بعد سیول نیو کلیر واجبات قانون کی سخت دفعات کے سبب اس شعبہ میں تعاون میں تعطل پیدا ہوگیا ہے ۔ جان کیری نے مودی کے ساتھ اپنی گزشتہ روز کی ملاقات کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ میری ثمر آور بات چیت ہوئی ہے ۔ اوباما یہ محسوس کرتے ہیں کہ یوم جمہوریہ پریڈ میں بحیثیت مہمان خصوصی مدعو کیاجانا ان کے لئے ایک اعزاز ہے ۔ وہ ایسے پہلے برسر عہدہ صدر ہوں گے جو دوسری مرتبہ ہندوستان کا دورہ کررہے ہیں ۔ جان کیری نے جو وائبر نٹ گجرات سمٹ کانفرنس میں شرکت کے لئے یہاں آئے ہوئے ، کہا کہ مودی کے وزیر اعظم بننے کے بعد یہ ان کا دوسرا دورہ ہند ہے ۔ وہ اس تقریب سے کافی متاثر ہوئے ہیں ۔

Kerry Lays Groundwork for Obama's Visit to India

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں