امریکی کمپنیوں کو ریاست میں قیام کا موقع فراہم کرنا کرناٹک حکومت کا اولین مقصد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-25

امریکی کمپنیوں کو ریاست میں قیام کا موقع فراہم کرنا کرناٹک حکومت کا اولین مقصد

بنگلور
ایس این بی
آئی ٹی۔ بی ٹی شعبہ کے لئے زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لئے عنقریب وزیر اعلیٰ سدرامیا کی قیادت والی کمیٹی کا وفد امریکہ کے دورے پر روانہ ہوگا۔ وزیر برائے آئی ٹی ، بی ٹی ایس آر پاٹل نے یہ بات بتائی ۔ اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ امریکہ کے آئی ٹی۔ بی ٹی صنعتکاروں کو ریاست میں صنعتیں قائم کرنے کے لئے دعوت دینے کی غرض سے یہ دورہ کیاجارہا ہے ۔ وزیر اعلیٰ سدرامیا کی قیادت والے وفد میں وزیر موصوف سمیت مختلف محکموں کے اعلیٰ افسران بھی شامل ہیں ۔ دورہ کی تاریخ ابھی تک مقرر نہیں کی گئی ہے ۔ اس کے لئے تیاریاں ہورہی ہیں ۔ ریاست میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لئے وزیر اعلیٰ سدرامیا نے چین کا دورہ کیا ہے ۔ وہاں کے صنعتکاروں سے بات چیت کر کے ریاست میں صنعتی کارخانے قائم کرنے کی دعوت دی ہے ۔
سلیکان سٹی کے نام سے مشہور امریکہ کی طرح ترقی حاصل کرنے کا موقع ریاست میں بھی فراہم ہے ۔ سرمایہ کاری کے لئے ریاست سب سے مناسب مقام ہے۔ اس سلسلے میں امریکہ کے صنعتکاروں کو تفصیلات سے آگاہ کیاجائے گا ۔ وزیر موصوف نے بتایا کہ بنگلور سمیت ریاست کے تمام اضلاع کے مراکز میں مفت وائی فائی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ ریاستی حکومت کے زیر غور ہے ۔ اس کے لئے ٹنڈر کا عمل چل رہا ہے ۔ ڈیڑھ مہینوں میں یہ عمل مکمل ہوجائے گا ۔ بنگلور کے100مقامات کے علاوہ ضلع کے مراکز میں دو اہم علاقوں میں یہ سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔90کمپنیاں یہ سہولت فراہم کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ آئی ٹی ، بی ٹی کمپنیوں میں جاریہ 40لاکھ ملازمین ہیں ۔ سال2020ء تک یہ تعداد دوگنی ہوجائے گی۔
ایس آر پاٹل نے بتایا کہ27دسمبر تا31دسمبر شہر میں جاریہ سال کے نیشنل چلڈرن سائنس کنونشن منعقد کیاجائے گا ۔ کنگیری کے قریب واقع بی جی ایس ہیلتھ اینڈ ایجوکیشنل سٹی میں اس کنونشن کا انعقاد ہوگا ۔ جس کا افتتاح وزیر اعلیٰ سدرامیا کے ہاتھوں عمل میں آئے گا ۔ جب کہ مرکزی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی ڈاکٹر ہرش وردھن بھی شرکت کریں گے ۔ اس موقع پر36ریاستوں کے850طلباء شریک رہیں گے۔ بھارت رتن ایوارڈ یافتہ سی این آر راؤ کا خطاب بھی ہوگا ۔ اس موقع پر سائنس کونسل کے صدر ، قانون سا ز کونسل کے رکن ایس وی سنکنور ، سکریٹری وسندھرا بھوپتی و دیگر موجود تھے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں