مودی حکومت کے یوٹرن کے خلاف کانگریس کا دھرنا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-03

مودی حکومت کے یوٹرن کے خلاف کانگریس کا دھرنا

نئی دہلی
آئی اے این ایس/ پی ٹی آئی
کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے آج احاطہ پارلیمنٹ میں پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ کے ایک احتجاج کی قیادت کی ۔ دونوں ایوانوں کے ارکان کے ہمراہ راہول گاندھی ، مہاتما گاندھی کے مجسمہ تک پہنچے اور کل ان کی پارٹی کی جانب سے جاری کردہ ایک کتابچہ کی کاپیاں لہرائیں ۔ راہول گاندھی نے حکومت پر الزام عائد کیا کہ اس نے لوک سبھا کی انتخابی مہم کے دوران کیے گئے وعدوں کو پورا نہیں کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کالا دھن ، کرپشن اور سی اے جی جیسے مسائل پر حکومت نے یوٹرن لیا ہے ۔’’انہوں نے جو بھی وعدہ کیا اسے پورا نہیں کیا ۔‘‘یہ کتابچہ جسے’’6مہینے پار، یوٹرن سرکار‘‘ کا نام دیا گیا، ایسے 25معاملات کی نشاندہی کرتا ہے جن میں کانگریس کے مطابق حکومت اپنے موقف سے منحرف ہوگئی جو اس نے اپوزیشن ہونے کے دور میں اختیار کیا تھا ۔ پی ٹی آئی کے بموجب راہل گاندھی اور دیگر ارکان پارلیمنٹ نے کانگریس صدر سونیا گاندھی کی زیر قیادت پارٹی کی پارلیمانی امور کمیٹی کے اجلاس کے فوری بعد مہاتما گاندھی کے مجسمہ کے روبرو تقریباً 20منٹ تک دھرنا دیا ۔ کانگریس کے نائب صدر نے دیگر ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ اس کتابچہ کی کاپیاں لہرائیں، جس میں کانگریس نے بی جے پی حکومت کا مضحکہ اڑایا ہے اور اسے ڈھونگی حکومت قرار دیا ، سینئر پارٹی قائد کمل ناتھ نے کہا کہ مودی حکومت نے کئی یوٹرن لیے ہیں۔ ملک کے عوام کو یہ جاننا چاہئے کہ وہ پہلے کیا کہہ رہے تھے اور اب کیا کہہ رہے ہیں ۔ یہ دونوں بڑے متضاد موقف ہیں ۔ ملک کے عوام کو ان کے تضاد اور جھوٹ سے واقف ہونا چاہئے ۔ یہ ایک ایسا مسئلہ ہے جو ہم ، عوام تک پہنچانا چاہتے ہیں ۔ عوام کو یہ دیکھنا چاہئے کہ حکومت نے کتنے یوٹرن لیے ہیں اور وہ کس طرح عوام کو بے وقوف بنارہی ہے ۔ پی اے سی کے اجلاس میں پارٹی نے مرکزی وزیر سادھوی نرنجن جیوتی کے متنازعہ تبصروں ، بی جے پی کے ماقبل انتخابات وعدوں پر یوٹرن اور چھتیس گڑھ میں حالیہ نکسل حملہ جیسے مسائل اٹھانے کا فیصلہ کیا۔

Rahul Gandhi leads Congress protest outside Parliament against Modi government's 'U-turns'

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں