وزیر اعظم ویتنام کا آئندہ ہفتہ دورۂ ہند - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-24

وزیر اعظم ویتنام کا آئندہ ہفتہ دورۂ ہند

نئی دہلی
یو این آئی
ویتنام کے وزیر اعظم نگین تان گنگ ، آئندہ ہفتہ ہندوستان کا دورہ کریں گے جس پر چین کی قریبی نظر رہے گی ۔ واضح رہے کہ ہندوستان نے حال ہی میں ویتنام کے ساتھ دفاعی تعاون میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اپنی’’مشرق کی طرف دیکھو‘‘ پالیسی کے تحت اس ملک کے ساتھ معاشی و تجارتی تعلقات میں توسیع کے لئے تیار ہے ۔ ویتنام کے وزیر اعظم، بودھ گیا کا بھی دورہ کریں گے اور ان کے ملک کے ہندوستان کے ساتھ قدیم ثقافتی اور مذہبی تعلقات کو اجاگر کرنے کی کوشش کریں گے ۔ ذرائع نے بتایا کہ ویتنام نے کپڑے کی تیاری کے لئے دھاگوں کی درآمد میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے ، جب کہ وہ اب تک اس سلسلہ میں چین پر انحصار کرتا رہا ہے ۔ اگریہ معاہدہ طے پاتا ہے تو حالیہ عرصہ میں چین دوسری مرتبہ اہم برآمداتی مصنوعات کی تجارت سے محروم ہوجائے گا۔ قبل ازیں جاپان نے معدنیات کی در آمد کے سلسلہ میں ہندوستان کے ساتھ معاہدہ کیا تھا، تاکہ چین پر اپنے انحصار کو کم کرسکے۔
واضح رہے کہ ویتنام اور جاپان دونوں ہی جنوبی چینی سمندر کے سلسلہ میں چین کے ساتھ اختلافات رکھتے ہیں ۔ ویتنام نے حال ہی میں ہندوستان کو اپنے ساحل سے دور واقع دو کوئلہ بلاکس الاٹ کئے تھے ۔ جس چین نے سخت ناپسند کیا تھا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ویتنام سیاحت کے شعبہ میں بھی ہندستان کے ساتھ قریبی تعاون کی خواہش رکھتا ہے ۔ وہ اس بات کا خواہاں ہے کہ ہندوستان کے زیادہ سے زیادہ سیاح اس ملک کا دورہ کریں ، کیوں کہ چین نے اس ملک کے سیاحوں کی تعداد پرپابندی عائد کردی ہے ۔ ہندستان اور ویتنام نے2007میں حکمت عملی شراکت داری معاہدہ پر دستخط کئے تھے ۔ اور اس وقت سے اب تک باہمی تجارت میں قابل لحاظ اضافہ ہوا ہے۔2008میں یہ پانچ سو ملین ڈالر تھی، جو2013-14میں بڑھ کر8ملین ڈالر تک جا پہنچی ہے ۔

Vietnam PM Nyugen to visit India next week

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں