داعش کے خلا ف ترک قیادت کو راضی کرانے میں کیری ناکام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-14

داعش کے خلا ف ترک قیادت کو راضی کرانے میں کیری ناکام

ترکی نے اسلامی ریاست کے خلاف اتحاد کا حصہ بننے سے انکار کردیا ہے ۔ امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے ترک قائدین سے ملاقات کی لیکن کیری ان قائدین کو قائل کرنے میں ناکام رہے ۔ جان کیری نے کہا ہے کہ اسلامی ریاست کے خلاف امریکی منصوبے کی حمایت میں اضافہ ہوا ہے ۔ اپنے دورہ ترکی کے دوران انہوں نے کہا کہ تقریباً40ممالک امریکی پالیسی کی حمایت کرچکے ہیں ۔ امریکی وزیر خارجہ جان کیری انقرہ میں ترک رہنماؤں کے ساتھ ملاقات کے بعد بھی ترک قائدین کو امریکہ کی قیادت میں آئی ایس کے خلاف بننے والے اتحاد میں شامل ہونے پر رضا مند کرنے میں ناکام رہے تاہم انہوں نے کہا کہ وہ اس حوالے سے پر امید ہیں ۔
کیری نے کہا کہ وہ مطمئن ہیں اور اسلامی ریاست کے خلاف بننے والا اتحاد بہت وسیع ہوگا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس میں امریکہ کے ساتھ عرب ممالک اور یورپی یونین بھی شامل ہے ۔ کیری نے مزید کہا کہ دیگر ممالک بھی ہر ممکن انداز میں صدر بارک اوباما کی حکمت عملی میں شریک ہوں گے ۔ ترکی نے کہا ہے کہ وہ فی الحال عراق و شام میں آئی ایس کو نشانہ بنانے کے امریکی منصوبوں میں شامل نہیں ہوسکتا ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ 49سالہ ترک شہری آئی ایس کے قبضے میں ہیں اور اگر اس موقع پر ترکی اس تنظیم کے خلاف کسی بین الاقوامی اتحاد کا حصہ بنتا ہے تو اس کے شہریوں کی جانوں کو خطرہ ہے ۔ مغویہ افرادترک سفارت کار بھی شامل ہیں ۔ انقرہ حکام کے مطابق وہ پہلے ہی سے اس تنازعہ کے باعث بے گھر ہونے والے افراد کے لئے بڑے پیمانے پر اقدامات کررہا ہے ۔ آئی ایس کی پیش قدمی روکنے اور اس دہشت گرد تنظیم کو ختم کرنے کے موضوع پر عراق کانفرنس اگلے ہفتے پیر کو پیرس میں ہورہی ہے ۔
فرانس نے خواہش ظاہر کی تھی کہ اس بات چیت میں ایران کو بھی شامل کیاجائے تاہم امریکہ نے اس تجویز کی مخالفت کر دی ہے ۔ امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے ترکی کے دورے کے دوران کہا کہ یہ مناسب نہیں ہوگا کہ ایرانی نمائندے آئی ایس کے خلاف ہونے والے مذاکرات میں شریک ہوں ۔ کیری نے کہا کہ تہران حکومت نے شامی صدر بشار الاسد کا بھرپور ساتھ دیا ہے اور دمشق حکومت کی وحشیانہ کارروائیوں کی وجہ سے ہی اسلامی ریاست پروان چڑھی ہے ۔ کیری نے الزام عائد کیا کہ ایران دہشت گردی کی حمایت کرنے والا ملک ہے ۔ ان کے مطابق بشار الاسد کی ظالم حکومت کو تعاون فراہم کرنے والا کوئی ملک جہادی تنظیم کو ختم کرنے کی وکالت کرتے ہوئے اچھا نہیں لگے گا۔ ترکی کے وزیر اعظم احمد داؤد گلو نے کہا ہے کہ عراق میں امریکہ کی کارروائی بہتر ہے لیکن اس کے استحکام کے لئے یہ کافی نہیں ہے ۔ او گلو نے کل یہاں ایک ٹیلی ویژن چینل پر انٹرویو میں یہ بات کہی ۔ انہوں نے کہا کہ عراق میں شدت پسند تنظیم اسلامی ریاست کے خلاف امریکہ کی کارروائی بہتر ہے لیکن سیاسی استحکام کے پیش نظر یہ ناکافی ہے ۔

Kerry Urges Turkey to Join Fight Against Jihadists

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں