کشمیر میں تباہ کن سیلاب کے بعد دوبارہ بارش - متاثرین میں خوف و ہراس - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-26

کشمیر میں تباہ کن سیلاب کے بعد دوبارہ بارش - متاثرین میں خوف و ہراس

سرینگر
یو این آئی
سیلاب زدہ وادی کشمیر میں موسم دو ہفتوں تک خشک رہنے کے بعد گزشتہ شام اور جمعرات کو صبح کو بارش ہوئی ، جسکے باعث سیلاب متاثرین میں خوف و ہراس کی لہر دوڑ گئی ۔ واضح رہے کہ رواں ماہ کے پہلے ہفتے میں آنے والے بد ترین سیلاب کی وجہ وادی کشمیر اور خاص طور پر سری نگر کے بیشتر علاقے زیر آب آگئے تھے ۔ نہ صرف اہلیان وادی اپنے گھروں میں محصور ہوکر رہگئے تھے بلکہ قیمتی جانیں بھی ضائع ہوئیں اور وادی کی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا۔ سیلاب کی تباہ کاریوں کا اندازہ اس بات سے لگایاجاسکتا ہے کہ سیلاب کو آئے ہوئے دو ہفتے گزرنے کے باوجود بھی سری نگر کے بعض علاقے ہنوز زیر آب ہیں ۔ ان علاقوں میں راج باغ ، جواہر نگر ، تلسی باغ، گوگجی باغ ، پادشاہی باغ، مائسمہ، تاریخی لال چوک ، جہانگیر چوک ، ستھرا شاہی ، بمنہ اور قمر داری کے نام قابل ذکر ہیں ۔ یہ بات یہاں قابل ذکر ہے کہ زیر آب علاقوں سے پانی کے اخراج کو ممکن بنانے کے لئے کئی ایک مقامات پر جہلم کے حفاظتی باندھوں میں شکاف ڈال دئے گئے ہیں اور سیلاب کی وجہ سے جہاں جہاں حفاظتی باندھوں میں شگاف پڑ گئے تھے ، ہنوز جوں کی توح حالت میں ہیں۔ سیلاب متاثرین کو ڈر لاحق ہے کہ اگر مزید بارشیں ہوئیں تو دریائے جہلم میں پانی کی سطح اوپر آنے پر وہ شگافوں کے ذریعے راست متاثرہ علاقوں میں داخل ہوجائے گا ۔ اگرچہ وادی کشمیر میں گزشتہ شام اور جمعرات کی صبح بارشیں ہوئیں جس سے متاثرین میں خوف وہراس کی لہر دوڑ گئی تاہم سلسلہ بہت جلد تھم گیا اور متاثرین نے راحت کی سانس لی ۔

Kashmir rain again after devastating floods

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں