13/ستمبر نئی دہلی یو این آئی
عدالت عظمیٰ کے چیف جسٹس آر ایم لودھا نے آج کہا کہ عدلیہ کی آزادی پر حملے کی کوئی بھی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔ چیف جسٹس آر ایم لودھا نے کہا کہ ملک کی عدلیہ ایسے مقام پر پہنچ چکی ہے کہ اس کی آزادی سے کھلواڑ کرنے کی کوئی بھی کوشش کامیاب نہیں ہوسکے گی ۔ تاہم انہوں نے یہ یقینی بنانے کی ضرورت بھی ظاہر کی کہ عدلیہ مکمل طور پر بد عنوانی سے پاک ہو۔ بار اسوسی ایشن آف انڈیا( بی اے آئی) کی طرف سے منعقدہ ایک کانفرنس سے اپنے افتتاحی خطاب میں چیف جسٹس نے کہا کہ پھلتی پھولتی جمہوریت کے لئے بد عنوانی انتہائی مضر بیماری ہے اور عدلیہ کو بد عنوانی سے پاک کرنا بہت ضروری ہے ۔ چیف جسٹس آر ایم لودھا نے کہا کہ جب تک عدلیہ کی آزادی برقرار رہے گی ۔ تب تک ملک میں قانون کی مستحکم حکومت قائم رہے گی۔ انہوں نے ملک کے عام آدمیوں کی مستحکم ہوتا ہوا فہم وادراک کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو اب یہ بات سمجھ میں آگئی ہے کہ خود مختار عدلیہ ہی بالآخر ان کی مدد کرسکتی ہے ۔ واضح رہے کہ چیف جسٹس کے اس تبصرے کو کالجیئم سسٹم کو ختم کرنے سے متعلق آئینی ترمیمی ایکٹ پارلیمنٹ میں پاس کئے جانے کے پس منظر میں دیکھا جارہا ہے ۔
جسٹس آر ایم لودھا نے کہا کہ میں اس (بل) پر کچھ نہیں بولوں گا ، لیکن میں عدلیہ کی آزادی پر اپنی رائے ضروری ظاہر کروں گا کیونکہ یہ میرے دل کی آواز ہے ۔‘‘ انہوں نے قانون کے پیشے سے وابستہ لوگوں سے اپیل کی کہ وہ عدلیہ کو داغدار بنانے کی چالبازی کرنے والوں سے دور رہیں ۔ برطانیہ کے جوڈیشیل اپائنمنٹ کمیشن کا حوالہ دیتے ہوئے جسٹس لودھا نے کہا ان کے حالیہ دورہ لندن کے موقع پر انہیں بتایا گیا کہ5سال قبل کمیشن کے قیام کے بعد سے تقررات کے طریقہ کار میں کوئی تبدیلی واقع نہیں ہوئی لیکن اس میں شفافیت لائی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی کے اس دور میں کرپشن بھی بڑھ رہا ہے اور یہ بہت ہی لازمی ہے کہ عدلیہ کو کرپشن سے آزاد رہنا چاہئے ۔ اگر عدلیہ میں کسی قسم کا کرپشن پایاجاتا ہے تب ایک بات یہ ہوگی کہ قصوروار افراد بچ جائیں گے ۔ اور یہی بات جمہوریت کے لئے زبردست نقصان کا باعث ہوگی۔ انہوں نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ میں سے ہر کوئی جو یہاں موجود ہے میں آپ سے درخواست کرتا ہوں کہ کوئی ایسا کام نہیں کریں ، جس سے عدلیہ میں راست یا بالراست کرپشن آسکتا ہو۔
Independence of Judiciary Is Non-Negotiable: CJI Lodha
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں