افغان صدارتی انتخاب پر جاری تنازعہ ختم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-22

افغان صدارتی انتخاب پر جاری تنازعہ ختم

کابل
رائٹر
افغانستان کے صدارتی امیدواروں کے مابین اقتدار میں شراکت کے لئے معاہدہ طے پاگیا ہے ۔ اس معاملے میں تقریباً دو ماہ سے کشیدگی جاری تھی اور دونوں امیدواروں نے ایک دوسرے پر پولنگ میں دھاندلیوں کا الزام عائد کیا تھا ۔ اس بحران کی وجہ سے افغانستان میں مزید عدم استحکام پیدا ہوا ہے کیونکہ امریکہ کی زیر قیادت فوجی اتحاد اس سال کے اواخر میں اپنے بیشتر غیر ملکی فوجیوں کے انخلا کی تیاریاں کررہا ہے جس کے بعد افغان فوج کو طالبان سے نبردآزماہونا پڑے گا۔ صدارتی انتخابات کے حتمی نتائج کا اعلان آج ہوسکتا ہے ۔ افغانستان میں14جون کو ہوئے صدارتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے بعد اشرف غنی اور عبداللہ عبداللہ دونوں ہی کی طرف سے انتخابی عمل میں دھاندلی کے الزامات سامنے آئے تھے۔ بعد ازاں دونوں امیدواروں نے اقوام متحدہ کی نگرانی میں قریب8ملین ووٹوں کی گنتی اور آڈٹ پر اتفاق کیا ۔ ہفتہ20جولائی کو دونوں امیدواروں کی ٹیموں نے عالمی ادارے کے نمائندوں کے ساتھ ملاقات کی، جس میں بالآخر اقتدار میں شراکت کے حوالے سے ایک سمجھوتہ طے پاگیا ہے ۔ مذاکرات میں ایک اہم نقطہ یہ تھا کہ جانچ کے بعد انتخابات کے نتائج کا اعلان کس طرح کیاجائے ۔
ذرائع کے مطابق عبداللہ عبداللہ کا مطالبہ یہ تھا کہ ووٹوں کی شرح کا اعلان نہ کیاجائے ۔ اندازوں کے مطابق سابق وزیر خزانہ اشرف غنی کو سابق وزیر خارجہ عبداللہ عبداللہ پر برتری حاصل ہے۔ تا حال یہ واضح نہیں کہ فریقین نے اس معاملے کا کیا حل نکالا ہے تاہم دونوں ہی نے یہ اعلان کردیا گیا ہے کہ حتمی معاہدہ طے پاگئی ہے ، جس کی بدولت آج حتمی نتائج کا اعلان ممکن ہوسکے گا ۔ اشرف غنی کے ترجمان فیض اللہ ذکی نے بتایا کہ دونوں کیمپوں میں ہر معاملے پر100فیصد اتفاق رائے قائم ہوچکا ہے اور ہم کل معاہدوں پر دستخط کردیں گے ۔ ہر چیز طے ہوگئی ہے اور کسی معاملے پر اب اختلاف نہیں ہے ۔ عبداللہ عبداللہ کے ترجمان مجیب رحیمی نے بھی تصدیق کی کہ معاہدہ طے پاگیا ہے ۔

Afghan Candidates Agree To End Election Dispute

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں