حیدرآباد - فیس بک ساتھیوں کے ہمراہ عید ملن نشست - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-04

حیدرآباد - فیس بک ساتھیوں کے ہمراہ عید ملن نشست

fbgroup eid-milan party
وقت فرصت ہے کہاں کام ابھی باقی ہے ۔۔۔۔۔
فیس بک ساتھیوں کے ہمراہ عید ملن نشست

عصرحاضر میں سوشل میڈیا نے انسانوں کے درمیان وسیع ہوتے فاصلوں کو قریب کرنے میں ایک اہم سنگ میل کے مماثل کردار کو نبھایا ہے۔ آج فیس بک، ٹویٹر اور واٹس اپ جیسے گروپس کے ذریعے کوسوں دور رہنے بسنے والے دوست احباب رشتے دار اپنے آپ کو ایک دوسرے کے نزدیک پاتے ہیں اور اپنے خیالات و احساسات کا ایکدوسرے سے اشتراک کرتے ہیں۔ یوں سوشل میڈیا قابل قدر ہے کہ اس نے انسانوں کے درمیان کی دوریوں کو ختم کر ڈالا ہے۔ گو کہ ہر شئے کے ساتھ فائدہ اور نقصان لگا ہوا ہے مگر مثبت کاز کا ذکر خیر ضروری ہے کہ معاشرے میں مثبت رویوں اور اقدار کو فروغ ملے۔ لہذا فیس بک کے حوالے سے طے پانے والی ایک محفل کا احوال پیش خدمت ہے۔

حیدرآباد شہر قدیم تہذیب اور روایات کا شہر ہے اس شہر اور ریاست کے افراد دنیا بھر میں پھیلے ہوئے ہیں خصوصاً خلیجی ممالک میں ایک کثیر تعداد مقیم ہے۔ حالیہ دنوں میں سعودی عرب کے شہر ریاض سے
اردو کمپیوٹنگ اور انٹرنیٹ کی دنیا سے وابستہ ایک فعال شخصیت اور آن لائن اردو روزنامہ "تعمیر نیوز" کے مدیر اعلیٰ جب سعودی عرب کے شہر ریاض سے عید کی تعطیلات گزارنے کے لیے اپنے وطن حیدرآباد میں وارد ہوئے تو ان کی آمد پر چند ہمخیال دوست احباب نے نجی نشست کا منصوبہ بنایا جن میں فیس بک گروپ "ادبی محاذ" کے سربراہ ڈاکٹر فضل اللہ مکرم ، فیس بک گروپ "آپ کا خیال" کے سربراہ پروفیسر مصطفیٰ علی سروری اور فیس بک پر متحرک عام آدمی پارٹی کے قائد و بزنس مین جناب احمد ارشد حسین صاحب شامل تھے۔
اس نجی نشست کا عمومی مقصد فیس بک پر متحرک افراد کے درمیان ملاقات اور تبادلۂ خیال تھا۔ مجوزہ محفل کی ذمہ داری بحیثیت داعی جناب احمد ارشد حسین صاحب نے اپنے کندھوں پر لے لی اور اس محفل کو "عید ملن" کا نام دیا۔ اس کے انعقاد کا وقت 3/ اگسٹ 2014 ء رات نو بجے متعین ہوا۔ اور مقام شہر حیدرآباد کے علاقہ ٹولی چوکی میں واقع مشہور ریسٹورنٹ "4/سیزن" رکھا گیا۔

احمد ارشد حسین صاحب نے ایک ہفتہ قبل ہی فیس بک پر ایونٹ پروگرام کے حوالے سے ایک پیغام ارسال کیا کہ "عید ملن" کا پرگرام ترتیب دیا گیا تاکہ احباب اپنی رضامندی کے ذریعے پروگرام میں اپنی شرکت کی توثیق کریں۔ علاوہ ازیں فیس بک گروپ میں شامل افراد نے شرکت کرنے یا نہ کرنے کے پیغامات بھی روانہ کئے اور یوں جملہ 12 افرد نے اپنی شرکت کی تصدیق کر دی۔ جناب ارشد حسین صاحب نے بعض احباب کی شرکت کو یقینی بنانے کیلئے پک اینڈ ڈراپ والے ٹرانسپورٹ نظام کی سہولت بھی فراہم کی۔ اس طرح رات 8 بجے سے ساتھی مقررہ مقام پر جمع ہونے لگے جس میں راقم الحروف بھی شامل رہا۔
fbgroup eid-milan party
جناب احمد ارشد حسین، جناب مشتاق ملک، ڈاکٹر فضل اللہ مکرم، جناب مکرم نیاز، پروفیسر مصطفی سروری،جناب خواجہ ناظم، جنا ب سراج احمد، ڈاکٹر محمد عبدالعزیز سہیل، جناب محمد الیاس، جناب خواجہ شبیر علی، جناب فضل محمد خان محفل میں شامل تھے۔ محفل میں جہاں ایک طرف مختلف مسائل پر گفتگو کا آغاز ہوا تو دوسری جانب ارشد حسین صاحب کا پر تکاف عشائیہ بھی لذت کام و دہن کے حوالے سے یادگار رہا۔ متذکرہ محفل کی خصوصیت یہ رہی کہ موجودہ مسلمانوں کے مسائل، بطور خاص جہیزکی لعنت ، شادیوں میں بیجا اسراف، نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کی شادی میں دیری یا رکاوٹ کی وجوہات، نئی نسل کی مذہبی و اخلاقی تربیت ، اسرائیل کی مصنوعات کا بائیکاٹ، مسلمانوں کو تحفظات، مسلمانوں کی سیاسی و معاشی صورتحال اور ملک کے موجودہ حالات اور حکومت ہند کا کردار زیربحث رہا۔ ہر فرد نے ان مباحث میں حصہ لیا اور اپنے اپنے خیالا ت کا اظہار کیا۔
خصوصاً یہ بات درج کی گئی اور یہ احساس دیا گیا کہ موجودہ حالات میں امت مسلمہ میں پھیلیں خرافات کو ختم کیا جائے اور اسلامی تعلیمات کو عام کیا جائے، جہیز اور اسراف کے مسئلہ پر شعور کی بیداری کا کام انجام دیا جائے۔ اس ضمن میں تحریری طور پر قلمکار احباب اپنی ذمہ داری کو انجام دیں ، تقریر کرنے والے احباب ملت میں شعور کو بیدار کرنے کی جانب توجہ فرمائیں اور سماجی جہد کار اپنے وسیع روابط کے ذریعہ مسلمانوں میں اتحاد و اتفاق اور اسلامی تعلیمات پر عمل کرنے کا ا حساس بیدار کرنے کی ہمہ وقتی کوشش کریں۔ اس سلسلے میں تمام افراد کو جدوجہد کی ضرورت ہے تاکہ امت مسلمہ خرافات کو ختم کرتے ہوئے اسلامی تعلیمات پر مکمل عمل پیرا ہو۔

مشتاق ملک صاحب اور مصطفی سروری صاحب نے بہت ہی احسن انداز میں تمام مسائل کا حل پیش کرنے کی کوشش کی ، ارشد حسین صاحب نے نفسیات سے متعلق اہم باتوں کو واضح کیا ، مکرم نیاز نے نوجوان نسل کی اخلاقی و نفسیاتی تربیت کی طرف توجہ دلائی، ڈاکٹر فضل اللہ مکرم نے تمام گفتگو پر سیر حاصل تبصرہ فرمایا۔ خواجہ ناظم صاحب نے بھی بہت سی باتوں کو واقعات اور برجستہ اشعار کے ذریعہ پیش کیا اور الیاس محمد صاحب نے مسلمانوں کے سیاسی حالات سے واقف کروایا۔
بہرحال اس بات پر سب کا اتفاق رہا کہ مسلمانوں کے معاشی سیاسی اور تعلیمی مسائل کے حل کیلئے انفرادی طور پر بھی اور اجتماعی حیثیت سے بھی مسلسل جدوجہد کرنی ہوگی۔ رات 11 بجے اس بامقصد محفل کا اختتام جناب ارشد حسین صاحب داعئ تقریب کے شکریہ پر ہوا۔ توقع ہے کہ آنے والے دنوں میں ٹھوس اقدامات کی خاطر ایک محاذ اپنے عملی کام کا آغاز کرے گا۔

***
ڈاکٹر محمد عبدالعزیز سہیل
مکان نمبر:4-2-75 ، مجید منزل لطیف بازار، نظام آباد 503001 (اے پی )۔
maazeezsohel[@]gmail.com
موبائل : 9299655396
ایم اے عزیز سہیل

Eid Milan party of FB groups friends at Hyderabad. Report: Dr. M.A.A.Sohail

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں