حکومت ہند کے ترقیاتی منصوبوں میں برطانیہ کو شراکت داری کی پیشکش - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-26

حکومت ہند کے ترقیاتی منصوبوں میں برطانیہ کو شراکت داری کی پیشکش

نئی دہلی
یو این آئی
وزیر اعظم نریندرمودی نے آج برطانیہ کو دعوت دی کہ وہ کفایتی توانائی کے حامل صاف ستھرے شہروں، صلاحیتوں ، بنیادی سہولتوں کے فروغ اور دریاؤں کی صفائی کی ان کی حکومت کی کوششوں میں شراکت داربن جائے ۔ انہوں نے بین الاقوامی برادری سے اپیل کی کہ وہ ترقی پذیر اور غیر ترقی یافتہ ممالک کو واجبی قیمت پر صاف ستھری ٹکنالوجی کی فراہمی کے لئے اقدامات کرے ۔ وزیر اعظم برطانیہ کے دورہ کنندہ نائب وزیر اعظم نک کلیگ کو ان کی حکومت کی صاف ستھری توانائی اور پائیدارترقی کے ایجنڈہ سے واقف کرایا ۔ کلیگ کے ساتھ برطانیہ کے سکریٹری آف اسٹیٹ برائے توانائی و ماحولیاتی تبدیلی ایڈ ڈیوی بھی ہیں ۔ نک کلیگ نے وزیر اعظم نریندر مودی کی زیر قیادت نئی حکومت کی جانب سے ہندوستان کی معاشی و سماجی تبدیلی کے پر عزم ہدف کی ستائش کرتے ہوئے برطانیہ کی اس خواہش سے واقف کرایا کہ وہ اس نشانہ کے حصول کے لئے ہندوستان کے ساتھ مل جل کر کام کرنا چاہتا ہے ۔ مودی نے ہند۔ برطانیہ تعلقات سے برطانوی وزیرا عظم ڈیوڈ کیمرون کی شخصی دلچسپی اور پابندی عہد کی ستائش کی ۔ دونوں ممالک نے عالمی تنظیم تجارت (ڈبلیو او ) اور ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق بین الاقوامی مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ عالمی تنظیم تجارت کے بارے میں وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان بالی میں کئے گئے سمجھوتہ اور دیگر تجارتی سہولتوں کی فراہمی کا پابند ہے ۔ انہوں نے تجارتی سہولتوں کی حمایت کی تاہم بالی میں کئے گئے دیگر سمجھوتوں بشمول غذائی تحفظ پر بھی پیش رفت کی ضرورت پر زور دیا تاکہ سماج کے تمام طبقات بالخصوص غریبوں کے مفادات کی یکسوئی کی جاسکے ۔ برطانوی وزیر نے صاف ستھری توانائی اور ماحولیات کے تحفظ کے لئے گجرات میں کئے گئے کام کی ستائش کی ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت ملک میں500ماڈل ٹاؤنس قائم کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے ۔ اس کے علاوہ تمام ہمالیائی ریاستوں کو’’نامیاتی ریاستوں‘‘ کے طور پر فروغ دینا چاہتی ہے تاکہ وہ بھی ماحولیاتی فوائد حاصل کرسکیں ۔ انہوں نے توانائی کی موثر ترسیل کے لئے عوامی بیداری پیدا کرنے کا اپنا ویژن بھی پیش کیا ۔ وزیر اعظم نے برطانیہ کو ان کی کوششوں میں شراکت دار بننے کی دعوت دی ۔ نک کلیگ نے برطانوی وزیر اعظم کی جان سے مودی کو برطانیہ کے دورہ کے لئے دی گئی دعوت کا اعادہ کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ وہ جلد از جلد برطانیہ کا دورہ کرنے کے متمنی ہیں۔

Modi invites Britain for energy efficiency co-operation

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں