اسرائیل نے مختصر جنگ بندی کے بعد دوبارہ حملے شروع کر دئے - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-16

اسرائیل نے مختصر جنگ بندی کے بعد دوبارہ حملے شروع کر دئے

غزہ/یروشلم
پی ٹی آئی
غزہ میں تشد د کو روکنے کے لئے مصر کی ثالثی سے ہونے والی جنگ بندی کی ناکامی کے بعد آج اسرائیل نے دوبارہ ہوائی حملے شروع کردیے جب کہ حماس نے یہودی ریاست پر اپنے راکٹ حملے جاری رکھے ۔آٹھ دن سے جاری اسرائیل کے حملوں میں جان بحق فلسطینیوں کی تعداد195ہوگئی ہے ۔ جب کہ غزہ سے کئے جانے والے راکٹ حملوں میں ایک اسرائیلی کی ہلاکت کی توثیق کی گئی ہے ۔ اسرائیلی فوج نے ٹویٹر پر ایک بیان میں کہا کہ آج صبح سے حماس نے47راکٹ حملے کئے جب کہ ہم نے اپنے حملے روک دئیے تھے ۔ اس کے نتیجہ میں ہم نے حماس کے خلاف اپنا آپریشن دوبارہ شروع کردیا ہے ۔ ایک اسرائیلی عہدیدار نے اسرائیلی حملوں کے آغاز کے بعد کہا کہ حماس اور اسلامی جہاد نے جنگ بندی کے لئے مصر کی تجویز قبول کرنے سے انکار کردیا ہے اور اسرائیل پر درجنوں راکٹ حملے کئے ہیں۔ اس کے بعد وزیر اعظم اور وزیر دفاع نے فوج کوغزہ میں دہشت گردوں کے ٹارگٹس کے خلاف کارروائی کرنے کا حکم دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اور وزیر دفاع نے اسرائیل کی مسلح افواج کو طاقتور کارروائی کرنے کا حکم دیا ۔ مصر کے تجویز کردہ جنگ بندی منصوبہ کا مقصد غزہ پر اسرائیل کے حملوں کو روکنا تھا جن میں195فلسطینی جاں بحق ہوئے ہیں لیکن اسرائیل کے وزیر اعظم نے خبردار کیا تھا کہ اگر حماس کے عسکریت پسند جنگ بندی کو قبول کرنے سے انکار کرتے ہیں تو آپریشن میں شدت پیدا کردی جائے گی ۔غزہ سے کئے جانے والے راکٹ حملوں میں ایک اسرائیلی بھی ہلاک ہوا یہ تشدد میں پہلی اسرائیلی ہلاکت ہے۔ قبل ازیں غزہ میں تین مراحل پر مشتمل جنگ بندی کی مصر کی جانب سے پیش کردہ تجویز کو اسرائیل نے آج جہاں تسلیم کرلیا لیکن حماس نے اس ادعا کے ساتھ کہ مصر نے اسے اعتماد میں نہیں لیا ، کہا ہے کہ بنیادی تبدیلی کے بغیر جنگ بندی بے معنی ہوگی اور اسے خود سپردگی قرار دیا ۔
مصری وزارت خارجہ کے ترجمان نے تجویز کے حق میں عرب دنیا سے تائید کی بھی خواہش بھی ظاہر کی ہے لیکن آج ہی صبح خود مصر کے صحرائے سینا سے بھی اسرائیل پر راکٹ فائر داغے گئے جس سے کچھ لوگوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے ۔ بحیرہ احمر کے کنارے واقع اس علاقہ پر مزائل داغے جانے سے متعلق خدشہ ظاہر کیاجارہا ہے کہ یہ کام صحرائے سینا میں سر گرم انتہا پسندوں کا ہے جس کا مقصد مبینہ طور پر قاہرہ کی امن کوششوں کو ناکام بنانا ہے ۔ اسرائیلی کابینہ کے ایک غیر معمولی اجلاس میں آج صبح اس امر کا اعلان کیا گیا کہ جنگ بندی کی مصری تجویز قبول کرلی گئی ہے ۔ مصری اپیل پر اسرائیلی کابینہ نے مثبت اشارہ دیتے ہوئے کل ہی کہہ دیا تھا کہ اس تجویز پر غور کے لئے آج صبح کابینہ کا اجلاس ہوگا ۔ وزیر اعظم بنجامن نتن یاہو کہ صدارت میں اسرائیلی کابینہ نے غور کے بعد اس تجویز کو مناسب قرار دیا ۔ حماس نے بہر حال اپنے بنیادی مطالبات پر جن میں غزہ کامحاصرہ ختم کیاجانا اور جنگ بندی سے پہلے سیاسی معاہدہ کیاجانا چامل ہے ، اصرار جاری رکھا ہے ۔ مصری کی طرف سے پیش کردہ یہ تجویز8جولائی سے شروع اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے بعد بین الاقوامی سطح پر اب تک کی سب سے اہم کوشش ہے ۔ اسرائیل کی طرف سے اس کو منظور کیاجانا صدر مصر عبدالفتاح السیسی کی اولین بین الاقوامی کامیابی تصورکیاجارہا ہے ۔ اسرائیلی کابینہ نے آج اپنے اجلاس میں صدر اوباما کی وائٹ ہاؤز افطار پارٹی میں غزہ کی صورتحال پر اظہار خیال کا بھی نوٹس لیا کہ مصری تجویز سے حالت کا رخ بہتری کی جانب موڑا جاسکتا ہے ۔ حما س نے بہر حال کسی سیاسی معاہدے کے بغیر ایسی کسی جنگ بندی کو پھر سے بے معنی قرار دیتے ہوئے معاہدہ پر زور دیا ہے اور کہا ہے کہ اسرائیل غزہ کا فوجی محاصرہ ختم کرے جو2007سے جاری ہے ۔

Israel resumes Gaza airstrikes after Hamas rejects truce offer

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں