حکومت مسلمانوں کو خوف کے ماحول سے نکالنے کے اقدامات کرے - ملی کونسل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-07

حکومت مسلمانوں کو خوف کے ماحول سے نکالنے کے اقدامات کرے - ملی کونسل

آل انڈیا ملی کونسل نے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ سے مطالبہ کیا ہے کہ پونے میں آئی ٹی پروفیشنل محسن محمد صادق شیخ کے قاتلوں کو فوراً گرفتار کرا کے مسلمانوں کو خوف و ہراس سے باہر نکالیں کیونکہ جن لوگ اس جرم میں شامل ہیں ان کا تعلق آر ایس ایس سے ہے۔ ملی کونسل جنرل سکریٹری ڈاکٹر محمد منظور عالم نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ جو پارٹی صدر بھی ہیں انہوں نے الیکشن مہم سے لے کر رزلٹ آنے تک جو ماحول بنایا اس کے نتیجہ میں قومی سطح پر مسلمانوں کے خلاف نفرت پیدا ہوئی اور اب بے قصور مسلمانوں کو نشانہ بنا کر نفرت کے اس جذبہ کی تسکین کی جارہی ہے ۔ کہیں مسجدوں پر حملہ کیاجارہا ہے تو کہیں ان کے گھروں کو تباہ کیا جارہا ہے اور مسلمانوں کی شناخت کو ایک خطرے کے طور پر پیش کیاجارہا ہے ۔ ان حالات میں ملک کی سب سے بڑی اقلیت یہ سوال کرنے پر مجبور ہے کہ کیا یہی رام راجیہ ہے اور کیا اسی کے لئے انہیں مینڈیٹ دیا گیا تھا ۔ اس لئے وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کی یہ ذمہ داری ہے کہ جہاں یہ نفرت پیدا کی گئی ہے وہاں اس کو دور کرنے کے لئے عملی طور پر اس ماحول کو بدلنے کی کوشش کریں ۔ ڈاکٹر عالم نے اس معاملہ کی فاسٹ ٹریک کے ذریعہ سنوائی کرانے اور قصور واروں کے خلاف قانونی کارروائی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مقتول کے خاندان کی دلجوئی کے لئے وزیر اعظم اور وزیر داخلہ ان سے بات کریں اور کم از کم50لاکھے روپے معاوضہ دیں تاکہ ہمارے ملک کے دستور اور نظم پر اعتماد بحال ہوسکے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں