سرزمین افغانستان پر حملوں کا الزام مسترد - پاکستان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-25

سرزمین افغانستان پر حملوں کا الزام مسترد - پاکستان

پاکستان نے آج افغانستان کے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا کہ سادہ لباس میں ملبوس پاکستانی فوجیوں نے شورش زدہ صوبہ کنار میں سرحد پار حملے کئے۔ واضح رہے کہ اس حملہ میں تین افغان فوجی ہلاک ہوگئے تھے ۔ افغان وزیر دفاع بسم اللہ محمدی نے اتوار کو یہ الزام عائد کیا تھا کہ پاکستانی فوجیوں نے عام شہریوں کے لباس میں ملک میں داخل ہوکر تین افغان فوجیوں کو صوبہ کنار کے دنگام علاقہ میں ہلا ک کردیا تھا ۔ پاکستان پر یہ الزامات ایسے حالات میں عائد ہوئے ہیں کہ اسلام آباد افغانستان سے سرحدی سیکوریٹی کو سخت تر بنانے میں تعاون کی درخواست کررہا ہے ۔، اس کا مقصد فوجی کارروائیوں سے پریشان عسکریت پسندوں کو افغانستان میں داخل ہونے سے روکنا ہے ۔ افغان وزارت خارجہ نے کل یہ دعویٰ کیا کہ کنار میں پاکستانی فورسس کی حالیہ حملوں میں کم از کم3افغان فوجی ہلاک ہوگئے ۔ دفتر خارجہ کی خاتون ترجمان تسنیم اسلم نے بتایا کہ اس الزام سے پاکستان کو مایوسی ہوئی ہے ۔ ہم ان بے بنیاد الزامات کو یکسر مسترد کرتے ہیں ۔ حقیقت یہ ہے کہ سرزمین افغانستان سے سر گرمیاں جاری رکھنے والے دہشت گرد وقفہ وقفہ سے پاکستانی فوجیوں کو نشانہ بناتے رہتے ہیں ۔ ہمارے مسلح فوجی ہمیشہ اپنے دفاع کے لئے کارروائی کرتے ہیں اور ضبط کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں نبھاتے ہیں ۔ ہم افغان حکومت سے سرحد پر امن و استحکام کو متاثر کرنے والے تمام اقدامات سے گریز کی درخواست کرتے ہیں ۔ ترجمان نے بتایا کہ پاکستان دہشت گردی کی وبا پر قابو پانے کے تمام اقدامات کررہا ہے ۔ اور بے بنیاد الزامات سے نہ صرف ماحول آلودہ ہوتا ہے بلکہ دونوں ممالک کے درمیان تعمیری سرگرمیاں بھی متاثر ہوتی ہیں۔ تسنیم اسلم نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی اور انتہا پسندی کے چیلنجس سے نبرد آزما ہونے اور افغان عوام کے ساتھ تعاون و دوستانہ تعلقات کا پابند ہے ۔ یہاں یہ یاددہانی مناسب ہوگی کہ پاکستان نے شمالی وزیرستان علاقہ15جون کو عسکریت پسندوں کے خلاف ایک بڑی کارروائی شروع کی تھی ۔ قبل ازیں طالبان نے کراچی کے جناح انٹر نیشنل ایر پورٹ پر حملہ کردی اتھا ۔ حکومت نے اسی وقت افغانستان سے اپنے سرحد پر چوکسی سخت کرنے کی درخواست کی تھی۔

Pakistan rejects Afghan hotel attack claims

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں