مسلمانوں کے لیے 12 فیصد تحفظات - تلنگانہ گورنر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-12

مسلمانوں کے لیے 12 فیصد تحفظات - تلنگانہ گورنر

تلنگانہ اور آندھرا پدیش کے گورنر ای ایس ایل نرسمہن نے تلنگانہ کی اسمبلی اور کونسل سے مشترکہ طور پر خطاب کرتے ہوئے علیحدہ ریاست تلنگانہ کے لئے جانوں کی قربانی دینے والوں کے کنبوں کو فی کنبہ10لاکھ روپے مالی امداد ، ہر کنبہ کے ایک فرد کو سرکاری ملازمت اور مفت تعلیم کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ ایس سی، ایس ٹی ، بی سی اور اقلیتوں کی فلاح و بہبود پر خصوصی توجہ دی جائے گی اور آئندہ5سالوں میں ان طبقات کی ترقی کے لئے ایک لاکھ کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مسلمانوں کو 12فیصد ریزر ویشن فراہم کرے گی اور اقلیتوں کی ترقی کے لئے بھاری بجٹ الاٹ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی کرپشن کا خاتمہ کیا جائے گا اور حیدرآباد عالمی درجہ کے شہر میں تبدیل کرتے ہوئے اسے سلم سے پاک بنایا جائے گا۔گورنر نے کہا کہ ایس سی ، ایس ٹی اور بی سی طبقات کے علاوہ اقلیتوں کے حالات سدھارنے پر خاص توجہ دی جائے گی۔ کے جی تا پی جی ضرورتمند خاندانوں کے بچوں کو مفت تعلیم فراہم کی جائے گی اور تعلیمی نظام میں بہتری کی جائے گی ۔ تلنگانہ میں ٹرائبل ، ہارٹی کلچر ، زرعی یونیورسٹیوں کا بھی قیام عمل میں لایا جائے گا ۔ بی سی طبقات کی ترقی کے لئے5سال میں25ہزار کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے ۔ انہوں نے حیدرآباد کو گنگا جمنی تہذیب کا علمبردار قرار دیا اور حیدرآباد کی ترقی کے لئے اقدامات کرنے کا اعلان کیا ۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے10کروڑ روپے ویلفیئر فنڈ شروع کیا جائے گا اور وکلاء برادری کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لئے100کروڑ روپے الاٹ کئے جائیں گے ۔ حکومت، زراعت کو ترقی دے گی اور کسانوں کے ایک لاکھ روپے تک کے قرضوں کو معاف کیاجائے گا ۔ انہوں نے سماجی انفراسٹر کچر کی بہتری اور ترقی کو اہم نکتہ قرار دیا۔

12 pc reservation for Muslims, STs in Telangana

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں