دہشت گردی سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے - سپریم کورٹ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-10

دہشت گردی سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے - سپریم کورٹ

نئی دہلی
پی ٹی آئی
سپریم کورٹ نے آج کہاکہ دہشت گرد سرگرمیوں سے قانون کے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جانا چاہئے کیونکہ ان سے قانون کا تقدس متاثر ہوتا ہے ۔ عدالت عظمیٰ نے1996میں یوم جمہوریہ کے موقع پر جئے پور کے سوائی مان سنگھ اسٹیڈیم میں دھماکوں کے کیس میں4افراد کی سزائیں برقرار رکھتے ہوئے یہ بات کہی ۔ جسٹس کے ایس رادھاکرشنن اور جسٹس دیپک مشرا پر مشتمل بنچ نے مجرمین کی اپیل رد کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے جیسا ایک عظیم ملک اس قسم کی دہشت گردی سے مجروح نہیں ہوسکتا کیونکہ یہ قومی نیز بین الاقوامی سطح پر ایک بری چیز ہے ۔ برداشت کرنے کا مطلب شکست قبول کرنا ہے ۔ قانون کے آہنی ہاتھوں کو حقائق اور واقعات کا پتہ چلانے کے لئے مداخلت کرنی چاہئے کیونکہ الزامات شبہ سے بالا تر ثابت ہوچکے ہیں ۔ قانون نے اپیل کنندگان کے ساتھ مناسب انصاف کیا چنانچہ ہم اس کی توثیق کرتے ہیں۔ بنچ نے کہا کہ دہشت گردی پر قانون خاموش نہیں رہ سکتا کیونکہ امن پراس طرح کے حملوں کی مزاحمت کرنا قانون کی ذمہ داری ہے۔ ہم دکھ اور تکلیف کے ساتھ یہ اظہار کررہے ہیں کہ ہمارے ملک بھارت کے یوم جمہوریہ کے موقع پر اس طرح کی تباہ کن سرگرمی سے قومیت مجروح ‘ ہر شہری متاثر امن میں خلل امن و ضبط متاثرہوسکتا ہے جو کسی مہذب ملک میں نہایت اہمیت کا حامل ہے ۔ ایک ملک کی اقتصادی ترقی خطرہ میں ڈالنے کی کوششوں کے نتیجہ میں بالآخر کسی آبادی میں معمول کی سرگرمیاں غارت ہوسکتی ہیں ۔ عدالت عظمیٰ نے زیریں عدالت اور راجستھان ہائیکورٹ کا یہ فیصلہ برقرار رکھا جس میں ایک پاکستانی قومی شہری عبدالمتین کو10سال سزائے قید سنائی گئی ۔ عدالت نے دیگر ملزمین چندر پرکاش، عبدالحمید اور رئیس بیگ کو دی گئی سزائیں بھی برقرار رکھیں ۔ واضح رہے کہ جئے پور کے سوائی مان سنگھ اسٹیڈیم کے باب الداخلہ نمبر12اور13پر دھماکہ ہوا تھا جہاں یوم جمہوریہ کے موقع پر ریاستی سطح کی سرکاری تقریب منعقد کی جانے والی تھی۔

Terrorist activities must be dealt with iron hands of law: Supreme Court

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں