ترنمول کانگریس میں تنظیمی سطح پر تبدیلیاں - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-31

ترنمول کانگریس میں تنظیمی سطح پر تبدیلیاں

لوک سبھا انتخابات کے بعد پہلی مرتبہ آل انڈیا ترنمول کانگریس کی جنرل کونسل کی میٹنگ نیتاجی اندرواسٹیڈیم میں منعقد ہوئی ۔ جس میں پارٹی سپریمو اور وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی پارٹی لیڈروں کو مختلف ایشو پر ہدایت دی اور مستقبل کا ایجنڈہ پیش کیا۔ آج کی میٹنگ میں ممتا بنرجی نے تنظیمی سطح پر کئی تبدیلیوں کا اعلان کیا ۔ کئی ضلع صدر کو تبدیل کردیا گیا اور کئی آرگنائزیشن کے ذمہ داروں کو بھی بدل دیا گیا ہے ۔ ترنمول کانگریس اقلیتی سیل کی ذمہ داری نو منتخب ممبر پارلیمنٹ ادریس علی سے لے کر حاجی نورالاسلام کو دیدی گئی ہے ۔ حاجی نورالاسلام ریاستی حج کمیٹی کے چیرمین بھی ہیں۔ اس مرتبہ وہ جنگی پور پارلیمانی حلقہ سے انتخاب ہار گئے ہیں۔ ترنمول کانگریس یوتھ کے ریاستی صدر شوبھیندوادھیکاری کی جگہ سمترا رحمن کو ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔ مالدہ کی دونوں سیٹوں پر پارٹی کو شکست ملنے کے بعد مالدہ کی ذمہ داری معظم حسین کو سونپی گئی ہے ۔ دارجلنگ میں پارٹی کی کمان سابق فٹبالر بائچنگ بھوٹیا کو سونپی گئی ہے ۔ بھوٹیا یہاں سے انتخاب ہار گئے ہیں۔ دار جلنگ پارلیمانی حلقے سے بی جے پی کے ایس ایس اہلوالیہ کو کامیابی ملی ہے ۔ ریاستی وزیر شہری ترقیات فرہاد حکیم کو ایم پی لیڈ کی نگرانی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔ اس موقع پر پارٹی سپریمو ممتا بنرجی نے پارٹی لیڈروں اور ورکروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی نے لوک سبھا انتخابات میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اس کے لئے پارٹی ورکرس مبارک باد کے مستحق ہیں ، تمام سیاسی پارٹیاں اور میڈیا کا ایک طبقہ ہمارے خلاف میدان میں تھے مگر ہم کامیاب ہوئے ۔ عوام کا اعتماد اور بھروسہ ہمارے ساتھ ہیں۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ ہمیں پانچ امور پر توجہ دینا چاہئے ۔ عہد، خود سپردگی ،بھروسہ، ترقی اور صحیح منزل ۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ42لوک سبھا حلقوں میں سے 34پر کامیابی حاصل کرنا بڑی کامیابی ہے ۔ اسکے لئے پارٹی ورکروں کی محنت کی داد دینی چاہئے ۔ مگر اس خوشی کے موقع پر ہمیں غلطیوں سے بچنا چاہئے ۔ اس میٹنگ میں تمام نو منتخب ممبران پارلیمنٹ ، راجیہ سبھا ممبران، ریاستی وزراء ، تمام ممبران اسمبلی، دیگر منتخب نمائندے اور ضلع و پنچایت ذمہ داران موجود تھے ۔ اس موقع پر ترنمو ل کانگریس کے ریاستی صدر سبرتو بخشی نے کہا کہ اس جیت نے ہمارے کندھوں پر مزید ذمہ داریاں بڑھا دی ہیں ، یہ وقت شکایتوں کا نہیں ہے بلکہ کام کرنے کا ہے ۔

Mamata reshuffles TMC to tone up functioning

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں