وقف بورڈ کو مستحکم کرنے گورنر کو رپورٹ - شیخ اقبال - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-31

وقف بورڈ کو مستحکم کرنے گورنر کو رپورٹ - شیخ اقبال

حیدرآباد
اعتماد نیوز
ریاستی وقف بورڈ کو مستحکم کرنے ، اس کی آمدنی میں اضافہ ، وقف جائیدادوں کے تحفظ و ترقی اور دیگر اقدامات کے سلسلہ میں گورنر آندھرا پردیش ای ایس ایل نرسمہن کی جانب سے طلب کردہ رپورٹ جناب شیخ محمد اقبال آئی پی ایس ، اسپیشل آفیسر ریاستی وقف بورڈ دو دن میں گورنر کو پیش کریں گے ۔ جناب شیخ محمد اقبال نے بتایا کہ گورنر نے ریاستی وقف بورڈ سے متعلق ان سے ایک رپورٹ طلب کی تھی اور بورڈ کے استحکام کے لئے سفارشات بھی روانہ کرنے کی خواہش کی جس پر وہ بورڈ کی جامع ترقی رپورٹ کے ساتھ کئی اہم سفارشات بھی تیار کرچکے ہیں جسے وہ گورنر کو پیش کرنے جارہے ہیں ۔ اسپیشل آفیسر وقف بورڈ نے بتایاکہ انڈین پولیس سرویس میں کام کرنے کے بعد اقلیتی بہبود کے تحت جب انہوں نے وقف بورڈ کا جائزہ لیا ۔ ترمیمی وقف ایکٹ کا انہوں نے بغور تفصیلی جائزہ لیا اور بورڈ کی وجودہ صورتحال کو پیش نظر رکھتے ہوئے انہوں نے کئی اہم اقدامات کئے ہیں اور مزید اقداماتکے لئے حکومت سے سفارش کی ہے۔ اسپیشل آفسیر نے بتایا کہ وقف جائیدادیں اللہ کے لئے وقف کی جاتی ہیں ، ان جائیدادوں کی تحفظ و ترقی پر توجہ دی جائے تو نہ صرف اللہ جائیداد کی حفاظت ہوگی بلکہ مسلمانوں کی بھی جامع ترقی ہوگی ۔ انہوں ںے کہا کہ اگر مسلمانوں کی فلاح و بہبود کے لئے حکومت کی جانب سے کوئی اقدامات کئے جارہے ہیں تو اس میں وقف بورڈ پر توجہ دی جائے تو سچر کمیٹی یا15نکاتی پروگرام پر عمل آوری کے بجائے خود وقف بورڈ کے ذریعہ مسلمانوں کی فلاح و بہبود ہوسکتی ہے ۔ شیخ محمد اقبال نے کہاکہ وقف بورڈ کو مسلمانوں کی غربت کو دور کرنے کا آلہ بنایاجاسکتا ہے ۔ وقف بورڈ کو سماجی ، معاشی ترقی کا ذریعہ بنایا جاسکتا ہے ۔ اس کے لئے بورڈ کو مستحکم کرنا اور اس میں سرمایہ کاری کرنے ضروری ہے ، اس کے بعد بورڈ خود مسلمانوں کی فلاح و بہبود کے کام کرسکتا ہے ۔ وقف بورڈکا پیشہ وارانہ طور پر نظم چلانے کی ضرورت ہے ۔ اب تک وقف بورڈ میں پیشہ وارانہ انداز میں کام پر توجہ نہیں دی گئی ۔ بورڈ کی جانب سے وقف جائیدادوں کی آمدنی کے ریکارڈ میں اضافہ پر زور نہیں دیا گیا، وہ ایک ایسا سافٹ ویر وقف بورڈ میں متعارف کرنے جارہے ہیں جس کے ذریعہ کمپیوٹر خود بتائے گا کہ کس جائداد سے یا کس ادارے سے بورڈ کو آمدنی یا کرایہ نہیں مل رہا ہے ، اب تک وقف بورڈ میں جو بھی کرایہ لاکر جمع کرتا اسے رکھ لیاجاتا ، بقایا جات اور وصولی پر کوئی توجہ نہیں دی جاتی تھی ۔ کون وقف فنڈ جمع کررہا ہے یا نہیں، اس کی اطلاع مل جائے گی ۔ خودکار نظام سے سافٹ ویر کے آنے کے بعد کرایہ نہ دینے والوں کی لسٹ خود بہ خود نکالی جاسکے گی اور بقایاجات آسانی سے وصول کئے جاسکیں گے ۔ وقف بورڈ کے کمپیوٹرائزیشن پر مکمل توجہ مرکوز کی گئی ہے ۔ ہر ضلع میں انسپکٹر آڈیٹر کے دفتر میں کمپیوٹر کی تنصیب کی جارہی ہے اور ریاست بھر میں وقف جائیدادوں کے تحفظ و ترقی کانٹ ور ک تیار کیاجارہا ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں