مودی کے خلاف تحقیقات کمیشن کی عنقریب تشکیل - شندے - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-03

مودی کے خلاف تحقیقات کمیشن کی عنقریب تشکیل - شندے

جاسوسی تنازعہ کیس کی تحقیقات کے لئے ایک عدالتی کمیشن آئندہ16مئی تک قائم کردیاجائے گا۔ مذکورہ کیس میں مبینہ طور پر چیف منسٹر گجرات نریندر مودی ملوث ہیں ۔ مرکزی حکومت نے آج یہ بات بتائی اور مذکورہ معاملہ پر بی جے پی کے اٹھائے اعتراضات کو مسترد کردیا۔ مذکورہ کیس کے تعلق سے مرکزی وزیر داخلہ سشیل کمار شندے اور وزیر قانون کپل سبل کے بیانات پر بی جے پی نے شدید رد عمل کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ مذکورہ وزراء کے بیانات سے یوپی اے کی "ہٹ دھرمی" کا اظہار ہوتا ہہے ۔ یہاں یہ تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ حکومت نے مذکورہ تحقیقاتی کمیشن قائم کرنے کا فیصلہ4ماہ قبل ہی کرلیا تھا لیکن تحقیقات کی صدارت کے لئے کسی جج کا تعین مبینہ طور پر نہ ہوسکنے پر مذکورہ کمیشن کے قیام میں تاخیر ہوئی ۔ شندے نے شملہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ"گجرات کی ایک خاتون سے متعلق جاسوسی تنازعہ کے واقعہ کی تحقیقات کے لئے تحقیقاتی کمیشن کے تقرر کا فیصلہ کردیں گے "۔ بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ کیس میں نریندر مودی کے مبینہ اشارہ پر گجرات کے حکام نے گجرات کی ایک خاتون کی جاسوسی کی تھی۔ شندے سے سوال کیا گیا تھا کہ آیا لوک سبھاانتخابات کے بیچ کسی جج کا تقرر، مثالی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی نہیں ہے، انہوں نے جواب دیا کہ "یہ اقدام ،مثالی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی نہیں ہوگا، کیونکہ یہ فیصلہ مرکزی کابینہ نے مثالی ضابطہ اخلاق کے نافذ العمل ہونے سے پہلے کرلیا تھا ۔ مرکزی کابینہ نے2009ء میں ایک خاتون سے متعلق جاسوسی کئے جانے کے الزامات کی تحقیقات کے لئے ایک عدالتی کمیشن قائم کرنے کا فیصلہ26دسمبر2013ء کو کیا تھا"۔ شندے نے کہا کہ"چیف منسٹر گجرات نے کس طرح سے ایک خاتون کی زندگی میں تانک جھانک کی ہے، اس پر مجھے بڑی حیرانی ہے اور مجھے واقعتا پریشانی ہے کہ،اگر وہ(مودی)،وزیر اعظم بنتے ہیں تو مذکورہ خاتون کا کیا ہوگا"۔ نئی دہلی میں مرکزی وزیر قانون کپل سبل نے بھی کہا کہ آئندہ16مئی تک تحقیقات کے لئے ایک جج کا تقرر کردیاجائے ۔ سبل نے بی جے پی لیڈر ارون جیٹلی کے اس استدال کو بکواس قرار دے کر مسترد کردیا کہ انہیں(جیٹلی کو) "حیرت ہوگی" اگر کوئی ،یو پی اے کے لئے خود کو مستعار دینے پر رضامند ہوجائے۔ اسی دوران ایک اور بی جے پی لیڈر سبرا منیم سوامی نے کہا کہ اگر انتخابات کے دوران مذکورہ (تقرر کا)اعلان کیا جائے تو ہم الیکشن کمیشن سے رجوع ہوں گے۔

Judicial Commission To Probe Modi Snoopgate – Shinde

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں