دہلی میں زبردست آندھی - 9 افراد ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-31

دہلی میں زبردست آندھی - 9 افراد ہلاک

نئی دہلی
پی ٹی آئی
نئی دہلی کے مختلف علاقوں میں آج کم از کم 9افراد اس وقت ہلاک ہوگئے جب تیز ہواؤں اور آندھی کے ساتھ بارش ہوئی ۔ تیز ہواؤں کی وجہ سے شہر کا ٹرافک نظام درہم برہم ہوگیا ۔ میٹروٹرینوں اور طیاروں کی آمد و رفت روک دی گئی اور برقی سربراہی مسدود ہوگئی ۔ دہلی پولیس نے بتایا کہ چھ افراد ہلاک جب کہ نواحی علاقوں میں تین افراد ہلاک ہوگئے ۔ اور13دیگر مختلف واقعات میں زخمی ہوئے ہیں۔ وسطی دہلی میں90کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلی ں۔ آندھی اور طوفان نے شام4:58بجے اچانک نئی دہلی اور دارالحکومت کے علاقہ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔ آسمان دکھائی نہیں دے رہا تھا اس کے فوری بعد گرج اور چمک کے ساتھ بارش شروع ہوگئی ۔ شہر کے کئی علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے ۔ ہواؤں کی وجہ سے کئی درخت اکھڑ گئے ۔ تمام لائنوں پر میٹرو ٹرینوں کو روک دیا گیا ۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ پاکستان میں موسم کی تبدیلی کی وجہ سے یہ طوفان آیا ہے ۔ قومی دارالحکومت کے علاقہ اور مشرقی دہلی کے علاوہ نوئیڈوا اور غازی آباد کے کئی علاقے اس طوفان سے متاثر ہوئے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو دنوں کے دوران یہی صورتحال برقرار رہ سکتی ہے ۔طوفان کے سبب تقریباً بارہ طیاروں کا رخ دوسرے ایرپورٹ کی طرف موڑ دیا گیا ۔ اندرا گاندھی انٹر نیشنل ایرپورٹ کے عہدیداروں نے بتایا کہ ایر پورٹ پر طیاروں کو نقصان بھی پہنچا ۔ جنوب مشرق اور شمالی دہلی میں برقی سربراہی مسدود ہے جب کہ چند علاقوں میں چار گھنٹوں بعد سربراہی کو بحال کیاجاسکا ۔ شمالی اور مغربی دہلی کے کئی علاقوں میں برقی سربراہی کل صبح بحال ہونے کی توقع ہے ۔ درختوں کے اکھڑ جانے اور ہورڈنکس کے گرنے کی وجہ سے کئی مقامات پر ٹریفک منجمد ہوگیا ۔ محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر جنرل ایل ایس راتھوڑ نے بتایا کہ سرد ہوا کے گرم ہوا سے مل جانے کے سبب یہ صورتحال پیدا ہوئی ہے ۔ طوفان شمال مشرقی ہریانہ میں بھی آیا ۔ غازی آباد میں پولیس نے بتایا کہ آندھی اور طوفان کی وجہ سے تین افراد ہلاک اور زائد از بارہ افراد زخمی ہوئے ہیں ۔ شہر کے مختلف مقامات پر زبردست مالی نقصان ہونے کا اندازہ لگایا گیا ہے ۔ دہلی پولیس نے بتایا کہ ایک 17سالہ نوجوان جس کی انوکی حیثیت سے شناخت کی گئی ہے۔ اس وقت ہلاک ہوگیا ۔ جب ایک اڑتی ہوئی ٹین سے اس کا گلا کٹ گیا جب کہ اسی ٹین سے اس کی ماں کا سر بھی زخمی ہوا ہے جو اسپتال میں زیر علاج ہے ۔ یہ واقعہ مشرقی دہلی کے وویک ویہار میں پیش آیا ۔ جنوب مغربی دہلی میں دو افراد بشمول ایک18سالہ لڑکی ہلاک ہوگئی ۔ بارہویں جماعت کی طالبہ اس وقت جانبر نہ ہوسکی جب احاطہ کی دیوار کا ایک حصہ اس پر گر پڑا لڑکی کی آشا ملک کی حیثیت سے شناخت کی گئی ہے وہ ٹیوشن کلاسس کے بعد گھر واپس آرہی تھی ۔ اسے راؤ تولا رام اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ مردہ قرار دی گئی ۔ شمال مشرقی دہلی میں تین افراد زخمی ہوئے جب کہ نظام الدین علاقہ میں بھی تین افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے ۔ وسطی دہلی میں24سالہ ٹیکسی ڈرائیور اس وقت ہلاک ہوگیا جب ایک درخت اس کی کار پر گر پڑا ۔ اس کی چھترپال کی حیثیت سے شناخت کی گئی ہے ۔ یونس نامی ایک شخص اس وقت شمالی دہلی میں ہلاک ہوگیا جب ایک درخت اس پر گر پڑا ۔ مغربی دہلی کے اتم نگر میں بھی درخت گرنے سے ایک 20سالہ نوجوان ہلاک ہوگیا۔ کئی علاقوں میں درختوں کے گرنے سے کھڑی ہوئی کاروں کو نقصان پہنچا۔ شمالی دہلی میونسپل کارپوریشن کے درختوں کے گرنے کی 20شکایتیں موصول ہوئیں ۔ جنوبی دہلی میں گیارہ مقامات پر درختوں کے گرنے کی اطلاع ہے ۔

9 killed, 13 injured in Delhi dust storm

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں