#Election2014 دوسرے مرحلہ کی رائے دہی کیلئے نامزدگیوں کا ادخال - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-22

#Election2014 دوسرے مرحلہ کی رائے دہی کیلئے نامزدگیوں کا ادخال

نئی دہلی۔
(پی ٹی آئی)
سابق مرکزی وزیر اجے ماکن، انفوسیس کے معاون بانی نندن نیل کانی، سابق فوجی سربراہ وی کے سنگھ، اداکار شتروگھن سنہا، سابق صحافی اشوتوش، کانگریس، بی جے پی اور عام آدمی پارٹی کے ان اہم امیدواروں میں شامل ہیں جنہوں نے آج اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ صنعتکار اور موجودہ رکن پارلیمنٹ نوین جندل نے ہریانہ کے کروکشیترا سے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ اندرجیت سنگھ نے جو کانگریس سے بی جے پی میں شامل ہوئے ہیں گڑ گاؤں سے اپنا پرچہ داخل کیا۔ یہاں ان کا مقابلہ عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈر یوگیندر یادو سے ہے۔ بی جے پی کے شتروگھن سنہا نے بہار کے پٹنہ صاحب سے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا تاہم اس موقع پر انہیں سیاہ جھنڈیاں دکھانے والے نوجوانوں کے ایک گروپ سے ان کے کارکن متصادم ہوگئے۔ بنگلور میں کانگریس کے امیدوار نیل کانی ان 35امیدواروں میں شامل ہیں جنہوں نے آج اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا ہے۔ وہ بنگلور ساوتھ سے بی جے پی کے اننت کمار کا مقابلہ کررہے ہیں۔ 5ریاستوں کے منجملہ دہلی میں کئی مشہور شخصیتیں انتخابی میدان میں اتر رہی ہیں۔ ان میں کانگریس کے اجے ماکن، سندیپ ڈکشت کے علاوہ بی جے پی کی ترجمان میناکشی لیکھی اور عام آدمی پارٹی کے اشوتوش شامل ہیں۔ باوقار نئی دہلی حلقہ سے اجے ماکن کی پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے بعد ان کی حریف لیکھی نے پرچہ داخل کیا ۔ عام آدمی پارٹی نے اس حلقہ سے اشتیش کیتن کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔ اشوتوش نے چاندنی چوک حلقہ سے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا ہے۔ یہاں ان کا مقابلہ کانگریس کے کپل سبل سے ہے جبکہ بی جے پی نے ہرش وردھن کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔ کانگریس کے امیدوار اور کانگریس کے موجودہ رکن پارلیمنٹ سندیپ دکشت مشرقی دہلی حلقہ سے مقابلہ پر اترے ہیں یہاں پر بی جے پی نے مہیش گیری اور عام آدمی پارٹی نے راج موہن گاندھی کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔ اترپردیش میں فوج کے سابق سربراہ اور بی جے پی کے امیدوار وی کے سنگھ نے غازی آباد حلقہ لوک سبھا سے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کردیا۔ یہاں کانگریس کے راج ببر اور عام آدمی پارٹی کی شاذیہ عملی ان کا مقابلہ کررہے ہیں۔ 7مرتبہ کے کانگریس رکن پارلیمنٹ ولاس میتم وار اور سابق وزیر مکل واسنک نے ناگپور اور رام ٹیک لوک سبھا حلقہ سے اپنا پرچہ داخل کردیا ہے۔ ہریانہ جن ہٹ کانگریس کے لیڈر کلدیپ بشنوئی نے حصار لوک سبھا حلقہ سے اپنا پرچہ داخل کیا۔ پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی کل آخری تاریخ ہے۔ آسام میں مرکزی وزیر پبن سنگھ گھٹور سے دیبرو گڑھ اور رانی نارانے لکھیم پور سے اپنا پرچہ داخل کردیا۔ 5لوک سبھا حلقوں کیلئے7اپریل کو رائے دہی ہوگی۔ ان کیلئے آج پرچہ داخل کرنے کی آخری تاریخ تھی۔ وہیل چیر پر بیٹھے لوک سبھا کے سابق اسپیکر پی اے سنگما نے جو نیشنل پیپلز پارٹی کے صدر ہیں میگھالیہ تورا حلقہ سے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ گذشتہ 40 سال سے وہ اس حلقہ سے نمائندگی کررہے ہیں۔ تقریباً6سال کے وقعہ کے بعد وہ پھر سے انتخابی میدان میں آئے ہیں۔ اس حلقہ سے کانگریس نے موجودہ رکن پارلیمنٹ اور سابق وزیر وینسنٹ ایچ پالا کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔ بی جے پی دہلی یونٹ کے صدر ہرش وردھن اور عام آدمی پارٹی کی راکھی برلا نے بھی چاندنی چوک اور نارتھ ویسٹ دہلی حلقہ سے اپنا پرچہ داخل کردیا۔

nominations for second phase LS elections

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں