سیاسی جماعتوں کیلئے سنگل ونڈو سسٹم کی ہدایت - الیکشن کمیشن - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-22

سیاسی جماعتوں کیلئے سنگل ونڈو سسٹم کی ہدایت - الیکشن کمیشن

نئی دہلی۔
(پی ٹی آئی)
الیکشن کمیشن نے نوکرشاہی کے سرخ فیتے کو ختم کرنے کی ایک کوشش میں آج تمام پارلیمانی حلقوں میں سنگل ونڈو سسٹم قائم کرنے کے احکام جاری کئے تاکہ لوک سبھا انتخابات کے دوران سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کو ریالیوں اور جلسوں کے انعقاد کیلئے منظوری دی جاسکے۔ کمیشن نے تمام چیف الیکٹورل آفیسرس کو جاری کردہ ہدایات میں کہا کہ تمام ریٹرننگ آفیسرس کو سنگل ونڈو پرمیشن سیل قائم کرنا چاہئے تاکہ سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کو ریالیوں، جلسوں کے انعقاد، انتخابی مہم کیلئے گاڑیوں کے استعمال اور ان کے اسٹار مہم کاروں کیلئے غیر تجارتی ایرپورٹس و ہیلی پیڈ کے استعمال کی اجازت دی جاسکے۔ ریٹرننگ آفیسرس کو درخواستوں سے نمٹنے اور انہیں فوری کارروائی کیلئے دیگر محکموں کے نوڈل آفیسرس تک پہنچانے علیحدہ اسٹاف کا تقرر کرنا پڑے گا۔ پرمیشن سیل میں ڈی ایس پی سطح کے ایک عہدیدار کو تعینات کیا جانا ہوگا تاکہ وہ ریاستی پولیس اور اراضی کی مالک متعلقہ ایجنسیوں سے منظوری حاصل کرنے کے بعد اجازت نامے جاری کرسکیں۔ نئے سسٹم کے تحت امیدوار یا جماعت کو انتخابی تقاریب کیلئے ٹریفک پولیس سے علیحدہ اجازت کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کے ایک عہدیدار کو بھی پرمیشن سیل سے منسلک کیا جائے گا تاکہ وہ رتھوں جیسی ترمیم شدہ گاڑیوں کے انتخابی مہم کیلئے استعمال کے بارے میں فیصلہ کرسکیں۔ درخواستوں کے پہلے آو، پہلے پاؤ کی بنیادپر یکسوی کی جائے گی اور کسی بھی ریالی یا جلسے سے 48گھنٹے قبل درخواستیں داخل کرنی ہوں گی۔ درخواستوں کے ساتھ مجوزہ مصارف کی تفصیلات بھی پیش کرنی ہوں گی۔ پرمیشن سیل کو اندرون 36گھنٹے درخواست پر فیصلہ کرنا ہوگا۔ درخواست داخل کرنے کے 36 گھنٹے بعد تمام زیر التوا اور درخواستوں کے بارے میں ریٹرننگ آفیسر کو مطلع کرنا پڑے گا۔ غیر تجارتی ایرپورٹس یا ہیلی پیاڈس کے استعمال کیلئے لینڈنگ کے مقررہ وقت سے کم ازکم 24 گھنٹہ قبل متعلقہ ضلع مجسٹریٹ سے رجوع ہونا ہوگا اور طیارہ یا ہیلی کاپٹر سے آنے والوں کے ناموں کا انکشاف کرنا ہوگا۔

Election Commission orders single window clearance for rallies

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں