بی جے پی اور کانگریس کے خلاف کاروائی کا حکم- دہلی ہائیکورٹ کی رولنگ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-29

بی جے پی اور کانگریس کے خلاف کاروائی کا حکم- دہلی ہائیکورٹ کی رولنگ

congress-bjp
دہلی ہائیکورٹ نے آج مرکزی حکومت اور الیکشن کمیشن سے کہا کہ وہ مبینہ طورپر قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بیرونی فنڈس وصول کرنے پر کانگریس اور بی جے پی کے خلاف مناسب کارروائی کریں۔ جسٹس پردیپ نندراجو اور جسٹس جینت ناز پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے کہاکہ دونوں قومی سیاسی جماعتوں نے بیرونی عطیہ جات قانون کی خلاف ورزی کی ہے۔ عدالت نے اس سلسلہ میں وزارت داخلہ کے احتیار کردہ موقف کو مسترد کردیا۔ عدالت نے وزارت داخلہ اور الیکشن کمیشن سے کہا کہ وہ بیرونی عطیہ جات کا پتہ چلانے سے سیاسی جماعتوں کی رسیدوں کا دوبارہ جائزہ لیں اور اندرون 6ماہ کارروائی کریں۔ اسوسی ایشن فار ڈیموکریٹک ریفارمس نے وکیل پرشانت بھوشن کے ذریعہ مفاد عامہ کی ایک درخواست داخل کی تھی اور دعویٰ کیا تھا کہ برطانیہ میں قائم ویدانتاریسورسس اور ہندوستان میں اس کی ذیلی کمپنیوں نے جس میں اسٹرلائٹ انڈسٹریز، سیسا گو ا اور مالکو شامل ہیں، اہم سیاسی جماعتوں جیسے کانگریس اور بی جے پی کو مبینہ طورپر کروڑہا روپئے عطیہ دیا ہے۔ عدالت نے اس پی آئی ایل پر یہ احکام صادر کئے۔ ہائیکورٹ اس نتیجہ پر پہنچا کہ ویدانتا کمپنیز ایکٹ 1956ء کی روشنی میں ایک بیرونی کمپنی ہے۔ بنچ نے کہاکہ بادی النظر میں مدعی علیہان(کانگریس اور بی جے پی) کے اقدامات بیرونی عطیہ جات قانون پر عائد امتناع کے مغائر ہیں۔ کیونکہ انہوں نے اسٹرلائٹ اور سیسا سے جو قانون کی رو سے بیرونی ذرائع ہیں، فنڈس وصول کئے ہیں۔ غیر سرکاری تنظیم اور مرکزی حکومت کے سابق سکریٹری ااے ایس شرما کی جانب سے داخل کردہ مفاد عامہ کی درخواست میں الزام عائد کیا گیا کہ کانگریس اور بی جے پی نے ویدانتا ریسورسس سے فنڈس حاصل کرتے ہوئے قانون کی خلاف ورزی کی ہے۔

Delhi HC finds BJP, Congress guilty of taking foreign funding

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں