لوک سبھا الیکشن - کانگریس کی پہلی فہرست جاری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-09

لوک سبھا الیکشن - کانگریس کی پہلی فہرست جاری

نئی دہلی۔
(ایس این بی)
کانگریس پارٹی نے ہفتہ کو اترپردیش، بہار، جھارکھنڈ، مغربی بنگال، اڑیسہ، مدھیہ پردیش، مہاراشٹرا اور چھتیس گڑھ سمیت تقریباً تمام ریاستوں کے 194 امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کردی۔ اس میں 35فیصد نوجوان اور تقریباً15فیصد خواتین کو نمائندگی دی گئی ہے۔ پارٹی کی جاری پہلی فہرست میں سب سے بڑی 80 سیٹ والی ریاست اترپردیش کے 50امیدواروں کے نام ہیں، جن میں رائے بریلی سے پارٹی صدر سونیا گاندھی اور امیٹھی سے پارٹی نائب صدر راہل گاندھی کو ہی امیدوار بنایا گیا ہے۔ پارٹی نے کرکٹر محمد کیف کو پھول پور اور اداکار روی کشن کو جون پور سے ٹکٹ دیا ہے۔ پہلی فہرست میں جن 194 سیٹوں کے امیدواروں کا اعلان کیا گیا ہے، سمجھا جاتا ہے کہ ان پر زیادہ تنازعہ نہیں تھا اور اس میں پارٹی کے تقریباً معروف چہرے شامل ہیں۔ حال ہی میں پارٹی میں شامل ہوئے سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپئی کی بھیجتی کرونا شکلا کو چھتیس گڑھ میں امیدوار بنایا گیا ہے۔ مغربی اترپردیش کی جن سیٹوں پر آج امیدوار اعلان کئے گئے ہیں ان میں میرٹھ کے دیانند گپتا، سہارنپور کے عمران مسعود، مظفر نگر سے سورج سنگھ ورما، رام پور سے کاظم علی خان (نوید میاں)، علی گڑھ سے چودھری بجندر سنگھ، آگرہ (ریزرو) سے اپندر سنگھ جاٹو، آنولہ سے سلیم اقبال شیروانی وغیرہ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ بریلی سے پروین سنگھ ایرین، پیلی بھیت سے سنجے کپور، فرخ آباد سے سلمان خورشید کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔ 25سیٹوں والے راجستھان سے پہلی فہرست میں 6امیدواروں کے نام ہیں۔ ان میں بیکانیر(ریزرو) سے شنکر پنو، سیکر سے پی ایس جاٹ، الور سے بھنور جتیندر سنگھ، باڑھ میر سے ہریش چودھری، چتور گڑھ سے گرجا ویاس اور کوٹہ سے یووراج سنگھ کوٹکٹ دیا گیا ہے۔ 10سیٹوں والی ریاست ہریانہ کی 5 سیٹوں کے امیدواروں کے نام کا اعلان کیا گیا ہے۔ ان میں کرنال کے اروند شرما، سونی پت سے جگبیر ملک، روہتک سے دپندر سنگھ ہڈا، بھوانی مہندر گڑھ سے شروتی چودھری اور فرید آباد سے اوتار سنگھ بھڈانا کو ہی دوبارہ امیدوار بنایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ 13سیٹوں والے پنجاب کی صرف 4سیٹوں کے امیدواروں کے ناموں کو پہلی فہرست میں جگہ دی گئی ہے۔ ان میں کھدور صاحب سے ہرمندر سنگھ گل، آنند پور صاحب سے رونیتی سنگھ بٹو، سنگرور سے وجے اندر سنگلا اور پٹیالیہ سے پرنیت کور شامل ہیں۔ دریں اثناء لکھنؤ سے یو این آئی کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب لوک سبھا چناؤ کیلئے کانگریس اور راشٹریہ لوک دل کے درمیان سمجھوتہ ہوگیا ہے اور آر ایل ڈی اترپردیش کی کل 80 میں 8سیٹوں پر چناؤ لڑے گی۔ آر ایل ڈی ذرائع نے بتایاکہ کانگریس نے آر ایل ڈی کیلئے باغپت، کیرانہ، بجنور، نگینہ، امروہہ ، ہاتھرس، متھرا اور بلند شہر سیٹ چھوڑی ہے۔ ذرائع کے مطابق آر ایل ڈی بلند شہر کے بجائے علی گڑھ لوک سبھا سیٹ چاہتی ہے کیونکہ علی گڑھ ضلع سے اس کے تین ممبران اسمبلی ہیں۔ ذرائع کے مطابق کانگریس علی گڑھ سیٹ آر ایل ڈی کو دینے پر تیار نہیں ہے۔ قابل ذکر ہے کہ آر ایل ڈی نے لوک سبھا کا پچھلا چناؤ بی جے پی سے اتحاد کرکے لڑا تھا۔ بی جے پی نے آر ایل ڈی کیلئے دس سیٹیں چھوڑی تھیں جس میں سے آر ایل ڈی پانچ پر کامیاب رہی تھی۔ الیکشن کے بعد آر ایل ڈی نے بی جے پی اتحاد توڑ لیا تھا اور یوپی اے میں شامل ہوگیا تھا۔ آر ایل ڈی صدر چودھری اجیت سنگھ کو منموہن سرکار میں شہری ہوا بازی محکمہ کا وزیر بنادیا گیا تھا۔

Lok Sabha Election 2014: Congress Releases First List of 194 Candidates

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں