پرانے شہر کی خبریں - old city news 05 mar 2014 - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-05

پرانے شہر کی خبریں - old city news 05 mar 2014


hyderabad old city news - حیدرآباد پرانے شہر کی خبریں
2014-mar-05

اعتماد نیوز
انگلینڈ کے رائل بنک آف اسکاٹ لینڈ میں محفوظ حضور نظام نواب میر عثمان علی خان کی 3.4 کروڑ پاؤنڈ رقم پر دعویٰ کے لیے برطانیہ کی عدالت سے نظام ہفتم نواب میر عثمان علی خان کے دونوں پوتے پرنس مکرم جاہ بہادر اور پرنس مفخم جاہ بہادر کے علاوہ حضور نظام کے ارکان خاندان کی جانب سے نواب نجف علی خان رجوع ہوئے ہیں۔
نواب نجف علی خان کے بتایا کہ سقوط حیدرآباد کے وقت نظام ہفتم کی دولت کو نیشنل ویسٹ سنٹر بنک برطانیہ میں اس وقت کے وزیر خزانہ نے غیر مجاز طور پر منتقل کر دیا تھا۔ اس دولت پر پاکستان کے اس وقت کے ہائی کمشنر نے اپنا دعویٰ پیش کیا تھا جس پر یہ رقم حضور نظام کے حوالے نہیں کی گئی تھی۔ اس دوران اس رقم کے حصول کے لیے حکومت پاکستان سے متعدد مرتبہ نمائندگی کی گئی اور پاکستان نے اس پر سے اپنے دعویٰ کو ہٹانے کی عدالت کو اطلاع دی ہے۔
خانوادہ آصفیہ نے حکومت ہند سے بھی اس معاملہ میں مدد طلب کی۔ وزیر اعظم ، وزیر خارجہ اور معتمد خارجہ کو اس سلسلہ میں نمائندگیاں کی جاتی رہیں۔ گذشتہ چھ دہوں سے جاری اس معاملہ کی یکسوئی کے واضح آثار نظر آ رہے ہیں اور رقم کے حصول کے لیے باقاعدہ طور پر برطانیہ کی عدالت میں عرضی داخل کی گئی ہے۔ نواب نجف علی خان نے امکان ظاہر کیا کہ حضور نظام کی اس شخصی دولت کی واپسی سے خانوادہ آصفیہ کو مالی راحت حاصل ہوگی۔

پریس نوٹ
بانی سالار جنگ میوزیم و سابق وزیر اعظم مملکت آصفیہ ابوالقاسم نواب میر یوسف علی خان سالار جنگ سوم کی 65 ویں برسی نہایت ہی عقیدت اور احترام کے ساتھ منائی گئی۔ اس موقع پر دائرہ حضرت میر مومن میں واقع احاطہ سالار جنگ میں ختم قرآن مجید ، مرثیہ خوانی اور مجلس عزا منعقد ہوئی ، علامہ حیدر زیدی مبین مجلس تھے۔ خانوادہ سالار جنگ نواب احترام علی خان ، ڈاکٹر اے ناگیندر ریڈی ڈائرکٹر سالار جنگ میوزیم ، جناب احمد علی صدر شعبہ مخطوطات ، جناب آر بی نائک ، جناب روی کمار ایگزیکٹیو انجینئر کے علاوہ سالار جنگ میوزیم کے عہدیداروں اور اسٹاف نے چادر گل پیش کی۔ میوزیم کی جانب سے شرکا کے لیے ضیافت کا اہتمام کیا گیا تھا۔ جناب میر عباس علی لائبریری اسسٹنٹ نے انتظامات انجام دئے۔


Hyderabad news, old city news, hyderabad deccan old city news, news of old city

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں