آندھرا پردیش متحد رہے گا - کرن کمار ریڈی ہنوز پرامید - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-23

آندھرا پردیش متحد رہے گا - کرن کمار ریڈی ہنوز پرامید

#UnitedAP
وجئے واڑہ۔
(یو این آئی)
سابق چیف منسٹر این کرن کمار ریڈی نے آج کہا ہے کہ وہ ہنوزپرامید ہیں کہ ریاست کی متحدہ ساخت برقرار رہے گی، کیونکہ سپریم کورٹ میں تلنگانہ بل کی منظوری کو چیلنج کیا جاچکا ہے۔ وجئے واڑہ پریس کلب کے زیر اہتمام "میٹ دی پریس" پروگرام کو خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ریاستی اسمبلی نے آندھراپردیش کی تنظیم جدید بل 2013ء کو مسترد کردیا تھا اور یہی بل پارلیمنٹ میں پیش کیا گیاجسے منظور کرلیا گیا۔ ملک کی آزادی کے بعد یہ پہلا واقعہ ہے کہ اسمبلی میں مسترد کردہ ایک بل پارلیمنٹ میں منظور کرلیا گیا۔ سابق چیف منسٹر نے کہاکہ انہیں امید ہے کہ سپریم کورٹ اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے ریاست کے ساتھ انصاف کرے گا۔ انہوں نے کہاکہ میں نے ریاست کے روشن مستقبل کیلئے نئی سیاسی جماعت جئے سمکھیہ اندھرا پارٹی کا قیام عمل میں لایا۔ کرن کمار ریڈی نے جنہوں نے پارلیمنٹ میں تلنگانہ بل کی منظوری کے ساتھ ہی چیف منسٹر کے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا تھا کہاکہ انہوں نے کانگریس ہائی کمان کو مطلع کردیا تھا کہ وہ ریاست کی تقسیم کی کوششوں کی مخالفت کرتے ہیں اور تشکیل تلنگانہ کی کارروائی میں کوئی تعاون نہیں کریں گے۔ کرن کمار ریڈی نے جو ضلع کرشنا کے دورہ پر ہیں، مزید کہاکہ اگر تیسرا محاذ برسراقتدار آتا ہے تو ریاست کی تقسیم کو روکنے کی گنجائش پیدا ہوجائے گی۔ چلئے امید کرتے ہیں کہ ایسا ہوجائے۔ اپنے خلاف ریمارکس پر مرکزی وزیر سیاحت کے چرنجیوی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کرن کمار ریڈی نے کہاکہ چرنجیوی ایک مسخرہ کی طرح بات کررہے ہیں۔ وہ نہیں جانتے کہ میں کب ریاست کا چیف منسٹر بنا تھا۔ سابق چیف منسٹر نے اپنی بات ختم کرتے ہوئے بتایاکہ ہم نے اپنی پارٹی کے منشور میں دستور کی دفعہ 3 کو واپس لینے اور ریاست کی تقسیم کے فیصلہ پر نظر ثانی جیسے نکات شامل کئے ہیں۔ پی ٹی آئی کے بموجب کرن کمار ریڈی نے امید ظاہر کی کہ تلگو عوام ایک دن متحد ہوجائیں گے۔ تلنگانہ حقیقت بننے کو جب کہ صرف دوماہ کا عرصہ باقی رہ گیاہے، کرن کمار ریڈی کے یہ خیالات حیرت انگیز ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ مجھے پوری امید ہے کہ تلگو عوام ایک دن دوبارہ متحد ہوجائیں گے۔ انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں پر سخت تنقید کی اور الزام عائد کیا کہ تمام سیاسی جماعتوں کی تائید سے ہی ریاست کی تقسیم عمل میں لائی گئی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ میں نے تلگو عوام کو متحد کرنے اور تلگو عزت نفس کیلئے پارٹی کا قیام عمل میں لایا۔ انہوں نے ریاست کی تقسیم کیلئے کانگریس، بی جے پی، تلگودیشم اور وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو ذمہ دار قراردیا۔

KiranKumar Reddy still hope state will remain united

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں