محکمہ انکم ٹیکس کی انتخابات کے دوران رقمی لین دین پر کڑی نظر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-13

محکمہ انکم ٹیکس کی انتخابات کے دوران رقمی لین دین پر کڑی نظر

محکمہ انکم ٹیکس نے ان افراد پر گہری نظر رکھنی شروع کردی ہے جو انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بڑی رقموں کا لین دین کریں گے۔ کوئی بھی شخص بغیر حساب کتاب کے 50ہزار روپئے یا اس سے زیادہ ساتھ لے کر نہیں چل سکتا۔ محکمہ نے عام لوگوں سے معلومات حاصل کرنے کیلئے کنٹرول روم قائم کرنے کے ساتھ ساتھ ٹول فری نمبر بھی جاری کئے ہیں۔ محکمہ انکم ٹیکس کے ڈائرکٹر جنرل (تفتیش) کرشناسینی نے آج یہاں یو این آئی کو بتایاکہ لوک سبھا انتخابات میں پیسوں کے خرچ، لین دین اورنقل و حرکت پر نظر رکھنے کیلئے کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جس کا ٹول فری نمبر 8880-180-1800 ہے۔ انہوں نے بتایاکہ اس کے علاوہ انتخابات میں دولت کے غلط استعمال کی معلومات فون نمبر 2233310 اور 0522-2233312 پر بھی دی جاسکتی ہیں۔ مسٹر سینی نے بتایاکہ اس غرض سے ایک ہیڈ کوارٹر، چھ علاقائی ہیڈ کوارٹر اور 43 ذیلی علاقائی ہیڈ کوارٹر قائم کئے گئے ہیں۔ ہیڈ کوارٹر لکھنؤ میں اور ذیلی علاقائی ہیڈ کوارٹر کانپور، میرٹھ، وارانسی ، آگرہ، نوئیڈا اور لکھنؤ میں ہوں گے۔ انہوں نے بتایاکہ الیکشن کمیشن کی ہدایت کے مطابق انتخابات کے دوران 50ہزار روپئے ساتھ لے جانے والے شخص کو فوٹو شناختی کارڈ، پین کارڈ، شہریت کا ثبوت اور کس کام کیلئے پیسے لے کر جہارہا ہے اس کا ثبوت پیش کرنا ہوگا۔ اگر پولیس 10لاکھ روپئے سے زائد رقم پکڑتی ہے تو اسے اس کی اطلاع محکمہ انکم ٹیکس کو دینی ہوگی۔ انہوں نے بتایاکہ اترپردیش کے گذشتہ اسمبلی انتخابات کے دوران پولیس نے ایک لاکھ روپئے ساتھ لے کر جانے والے افراد کو پکڑا تھا لیکن اس مرتبہ طے کیا گیا ہے کہ اگر پیسے لے جانے والے شخص کے پاس صحیح کاغذات موجود ہوں گے تو اس سے زیادہ پوچھ گچھ نہیں کی جائے گی۔

I-T team to monitor cash transactions in LS polls

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں