چین مسئلہ شام کے مثبت حل کے لیے بھرپور تعاون کرے - شہزادہ سلمان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-15

چین مسئلہ شام کے مثبت حل کے لیے بھرپور تعاون کرے - شہزادہ سلمان

بیجنگ
سعودی پریس ایجنسی
ولی عہد سعودی عرب ، نائب وزیر اعظم اور وزیر دفاع شہزادہ سلمان بن عبدالعزیز کا چین میں پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے اور گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق پرنس سلمان نائب صدر کے ہمراہ صدر جمہوریہ چین سے ملاقات کے لیے گئے جہاں چینی صدر نے انہیں خوش آمدید کہا۔ مملکت اور چین کے مابین دو طرفہ دوستانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ ہمیں سعودی عرب کی دوستی پر فخر ہے۔ چین کبھی بھی خادم الحرمین شریفین اور سعودی قیادت کے اس جذبے کو فراموش نہیں کر سکتا جب چین کی ایک ریاست تباہ کن زلزلے کی زد میں تھی اس وقت خادم الحرمین شریفین نے چین کی بھرپور مدد کی۔ چینی صدر نے مزید کہا کہ شہزادہ سلمان چین کے پرانے دوست ہیں اور چین و سعودی عرب کے مابین مثالی دوستی قائم ہے۔
شہزادہ سلمان نے اپنے خطاب میں کہا کہ چین سے ہمارا دوستی کا قدیم رشتہ ہے ، دونوں ملکوں کے مابین احترام کے جذبات موجود ہیں اور دو طرفہ تجارتی تعلقات بھی بہترین طور سے جاری ہیں۔ مسئلہ فلسطین کے حوالے سے چین کے مثبت نکتہ نظر کو سراہتے ہوئے پرنس سلمان نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ چین خطہ میں قیام امن کی کوشش کو جاری رکھتے ہوئے فلسطینی اراضی پر اسرائیل کے ناجائز قبضے کے خاتمہ میں اپنا بھرپور اثر و رسوخ استعمال کرے گا۔ امید ہے کہ چین شام کے جلد اور پرامن مسئلہ کے حل کے لیے بھی اپنا بھرپور تعاون پیش کرے گا جس کے بارے میں 2012 میں جنیوا میں قرار داد پاس ہو چکی ہے۔ جس میں کہا گیا تھا کہ شام میں بےگناہ لوگوں کا قتل عام بند کر کے عبوری حکومت قائم کی جائے۔ شامی مظلوموں کی امداد کے حوالے سے بھی چین شامی حکومت پر دباؤ ڈالے گا کہ وہاں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امدادی سامان پہنچایا جائے۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں