لوک سبھا انتخابات اعلامیہ متوقع - 7 مراحل میں رائے دہی کا امکان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-03

لوک سبھا انتخابات اعلامیہ متوقع - 7 مراحل میں رائے دہی کا امکان

Lok Sabha polls 2014
لوک سبھا انتخابات کا انعقاد اپریل کے دوسرے ہفتہ سے شروع ہوسکتا ہے اور توقع ہے کہ اسے 7مراحل میں تکمیل کو پہنچایا جائے گا جو اب تک کے عام انتخابات میں رائے دہی کا طویل ترین مرحلہ ہوگا۔ الیکشن کمیشن کے اعلیٰ سطحی ذرائع نے بتایاکہ پارلیمانی انتخابات کے آغاز کی تواریخ 7اور 10 کے درمیان ہوسکتی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ انتخابی شیڈول کو قطعیت دی جارہی ہے۔ منصوبہ ہے کہ 81کروڑ رائے دہندوں کے حق رائے دہی سے استفادہ کا یہ عمل 7مراحل میں مکمل ہوگا لیکن کوشش کی جارہی ہے کہ اسے 6مراحل میں رکھا جائے۔ 2009ء کے انتخابات 16اپریل تا13مئی پانچ مراحل میں منعقد ہوئے تھے۔ انتخابی شیڈول کے اعلان کا انتظار قوی توقع ہے کہ اس ہفتہ کے وسط تک ختم ہوجائے گا اور اس کے ساتھ ہی حکومتوں اور سیاسی جماعتوں کیلئے مثالی ضابطہ اخلاق نافذ ہوجائے گا۔ الیکشن کمیشن نے تاہم موسم گرما کی شدت سے بچنے انتخابی شیڈول میں تقدیم کرنے یا اسے مختصرکرنے کے امکانات مسترد کردئیے ہیں۔ کمیشن نے گذشتہ ماہ کل جماعتی اجلاس طلب کیا تھا جس میں بیشتر جماعتوں کی جانب سے یہ تجویز دی گئی تھی۔ موجودہ لوک سبھا کی معیاد یکم جون کو ختم ہورہی ہے۔ لوک سبھا انتخابات کے ساتھ ساتھ آندھراپردیش جس میں نو تشکیل شدہ ریاست تلنگانہ کے علاقے بھی شامل ہیں اور اڈیشہ اور سکم میں بھی نئی اسمبلیوں کو منتخب کرنے چناؤ ہوں گے۔ کمیشن کے اعلیٰ سطحی ذرائع کا کہنا ہے کہ انتخابات کے انعقاد کے سلسلہ میں مرکزی وزارت داخلہ، ریاستی حکومتوں، نیم فوجی فورسس اور ریاستوں کے چیف الکٹورل آفیسرس سے مشاورت کا عمل مکمل ہوچکا ہے اور شیڈول کو قطعیت دی جارہی ہے۔ یہ قیاس آرائی بھی ہے کہ بعض آرڈنینس بالخصوص انسداد رشوت ستانی بل سے متعلق آرڈنینس کی اجرائی کیلئے مرکز انتخابی تواریخ کے اعلان میں کس قدر تاخیر کرسکتا ہے لیکن اس کی توثیق نہیں ہوسکی۔ ذرائع کے مطابق ملک بھر میں تقریباً 8لاکھ مراکز رائے دہی قائم کئے گئے ہیں تاکہ رائے دہندوں اور انتخابی عملہ دونوں کو سہولت ہو۔ تقریباً12لاکھ الکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی تنصیب کی تیار کرلی گئی ہے جبکہ مزید 2.5لاکھ نئے الکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی تیاری کیلئے مختلف کمپنیوں کو آرڈر دیا جاچکا ہے۔ بعض ریاستوں پر انتہا پسندی سے متاثر ہونے کی وجہہ سے خصوصی توجہ دی جائے گی۔ ہندوستان میں 1971ء کے بعد سے ایک مرحلہ میں انتخابات کا کبھی بھی انعقاد نہیں ہوا کیونکہ رائے دہندوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہی ہوتا جارہا ہے۔ ذرائع نے یہ بھی کہاکہ تمام انتخابی عمل کی تکمیل کیلئے تقریباً 3ماہ کا عرصہ لگ سکتا ہے۔

Lok Sabha polls likely in seven phases from April second week

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں