دلائی لامہ سے ملاقات منسوخ کی جائے - اوباما سے چین کا مطالبہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-02-22

دلائی لامہ سے ملاقات منسوخ کی جائے - اوباما سے چین کا مطالبہ

واشنگٹن /بیجنگ
(پی ٹی آئی /رائٹر)
امریکی صدر بارک اوباما کی تبت کے روحانی رہنما دلائی لامہ سے وائٹ ہاوس میں ملاقات سے چند گھنٹوں قبل چین نے آج ملاقات فورا منسوخ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے انتباہ دیا کہ اس کے اندورنی معاملات میں بیجا مداخلت سے باہمی تعلقات شدید متاثر ہوں گے ۔ امریکی قومی سیکوریٹی کونسل کے ترجمان کاٹلن ہیڈن نے کل اعلان کیا کہ صدر اوباما ،بین الاقوامی سطح پر قابل احترام مذہبی وتہذیبی قائد کی حیثیت سے دلائی لامہ سے جمعہ کے روز ملاقات کریں گے ۔ وائٹ ہاوس کے اعلان پر چین نے برہمی کا اظہار کیا ۔ چین ، 1959میں ہندوستان میں پناہ لینے والے دلائی لامہ کی بیرونی اہم شخصیات سے ملاقات کا طویل عرصہ سے مخالف رہا ہے ۔ چینی وزارت خارجہ کی کاتون ترجمان ہو چن ینگ نے ایک بیان میں کہا کہ ہم امریکہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ چین کے خدشات پر سنجیدگی سے غور کرے اور دلائی لامہ کو چین کے خلاف اقدامات کیلئے موقع فراہم نہ کرے ۔ وہائٹ ہاؤس کی قومی کونسل نے کہا کہ اوباما چین میں حقوق انسانی کی مبینہ خلاف ورزیوں کے بارے میں اظہار تشویش کے طور پر نوبل انعام یافتہ دلائی لامہ سے ملاقات کرنے والے ہیں ۔ تبت کیلئے مزید خود مختاری کا مطالبہ کرنے کی وجہ سے چین دلائی لامہ کو ایک علحدگی پسند لیڈر کے طور پر دیکھتا ہے ۔ جبکہ وہائٹ ہاؤس دلائی لامہ کو ایک قابل احترام عالمی ،مذہبہ اور ثقافتی رہنما کے طور پر دیکھتا ہے اور اس سے پہلے اوباما فروری 2010اور جولائی 2011میں 2مرتبہ دلائی لامہ سے ملاقات کر چکے ہیں ۔ 1959میں ایک نا کام بغاوت کے بعد ہندوستان کا رخ کرنے والے دلائی لامہ کا کہنا ہے کہ وہ تبت کیلئے حقیقی خود مختاری چاہتے ہیں اور اس کے لئے وہ تشدد کی وکالت نہیں کر رہے ہیں تاہم چین کے لئے قدرے اطمینان کی بات یہ ہے کہ اوباما وہائٹ ہاؤس کے میپ روم میں دلائی لامہ سے ملاقات کریں گے ۔ یہ میپ روم تاریخی اعتبار سے ایک اہم روم ہے تاہم اوول آفس کے مقابلہ اس کی اہمیت کم ہے ۔
China demands Obama cancel Dalai Lama meeting

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں