صدر مالدیپ عبداللہ یامین عبدالقیوم کی دہلی میں آمد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-02

صدر مالدیپ عبداللہ یامین عبدالقیوم کی دہلی میں آمد

مالدیپ کے نو منتخب صدرعبداﷲ یامین عبدالقیوم چار دن کے سرکاری دورے پر آج یہاں پہنچے اپنے قیام کے دوران وہ باہمی اور علاقائی دلچسپی کے متعدد امور پر وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کے ساتھ باضابطہ مذاکرات کریں گے۔ عبداﷲ یامین عبدالقیوم کا صدر مالدیپ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ پہلا بیرونی دورہ ہے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان سید اکبر الدین نے کہاکہ صدر یامین عبدالقیوم اپنے پہلے غیر ملکی دورہ کیلئے ہندوستان کا جو انتخاب کیا ہے ہم اس کیلئے ان کے مشکور ہیں کیونکہ اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ ہم دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات بہت مستحکم ہیں۔ ہندوستان اور مالدیپ کے دفاع، صحت، سلامتی، سمندری سلامتی، بحری قزاقی اور منیشات کی تجارت جیسے شعبوں کے علاوہ اقتصادی تعاون کے شعبے میں بہت قریبی تعلقات رہے ہیں۔ صدر یامین عبداﷲ کے ساتھ ان کی اہلیہ فاطمہ ابراہیم کے علاوہ ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی آیا ہے۔ وزارت خارجہ نے بتایاکہ اس دورے سے ہندوستان اور مالدیپ کے درمیان قریبی اور ہمہ جہتی تعلقات کو بہتر بنانے کا ایک اور موقع ملے گا۔ صدر جمہوریہ ہند پرنب مکرجی، یامین کے اعزاز میں ایک ضیافت کا اہتمام کریں گے۔ اپنے دورہ ہند کے دوران صدر مالدیپ نائب صدر حامد انصاری، وزیر خارجہ سلمان خورشید، لوک سبھا میں اپوزیشن کی لیڈر سشما سوراج اور خارجہ سکریٹری سجاتا سنگھ سے بھی ملیں گے۔ یامین اپنے سفر ہند کے دوران ادے پور اور آگرہ بھی جائیں گے۔ یامین عبداﷲ مالدیپ کی پروگریسیو پارٹی کے نمائندہ ہیں۔ گذشتہ سال نومبر میں انتخابات کے بعد سابق صدر محمد نشید کو شکست دے کر انہوں نے صدر کا عہدہ سنبھالا۔ واضح رہے کہ انتخابات سے قبل مالدیپ میں کئی مہینے تک سیاسی بے یقینی تھی۔ فروری 2012ء میں محمد نشید کی معزولی کے بعد مالدیپ کی سیاسی زندگی میں بے یقینی در آئی تھی۔ واضح رہے کہ صدر یامین عبدالقیوم مالدیپ کے سابق صدر مامون عبدالقیوم کے سوتیلے بھائی ہیں۔

Maldivian President to arrive on four-day official visit to India

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں