حالیہ اسمبلی انتخابات میں 32 کروڑ روپے کی غیر محسوب رقم ضبط - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-02

حالیہ اسمبلی انتخابات میں 32 کروڑ روپے کی غیر محسوب رقم ضبط

حالیہ اسمبلی انتخابات میں بھی پیسہ کی طاقت کا استعمال بلا روک ٹوک جاری رہا اور عہدیداروں نے 32کروڑ روپئے کی بھاری غیر محسوب رقم ضبط کی جو ووٹروں کو لبھانے کیلئے تھی۔ راجستھان 13.4 کروڑ روپئے کی غیر محسوب رقم کی ضبطی کے ساتھ سرفہرست رہا۔ یہ رقم لے جانے والے اس کے ذرائع اور استعمال کے بارے میں کوئی وضاحت پیش کرنے سے قاصر رہے تھے۔ مدھیہ پردیش 8.72 کروڑ روپئے کی ضبطی کے ساتھ دوسرے نمبر پر اور چھتیس گڑھ 7.58 کروڑ روپئے کی ضبطی کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔ الیکشن کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق دہلی میں جہاں اروند کجریوال کی زیر قیادت نئی عام آدمی پارٹی نے شاندار کامیابی حاصل کی، عہدیداوں نے حالیہ اسمبلی انتخابات کے دوران 2.14 کروڑ روپئے کی رقم ضبط کی۔ میزروم میں جو ایسی واحد ریاست ہے جہاں کانگریس دوبارہ برسر اقتدار آئی صرف18لاکھ روپئے ضبط کئے گئے۔ حالیہ اسمبلی انتخابات میں غیر محسوب رقم کی بھاری ضبطی کے باوجود اب تک کسی بھی اسمبلی انتخابات میں رقم کی ضبطی کے معاملے میں ٹاملناڈو سرفہرست ہے۔ ریاست میں 2011 کے اسمبلی انتخابات کے دوران 36.54 کروڑ روپئے کی بھاری رقم ضبط کی گئی تھی۔

Cash seizure during assembly polls

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں