بغیر سبسیڈی پکوان گیس سلنڈر کی قیمت میں 220 روپے اضافہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-02

بغیر سبسیڈی پکوان گیس سلنڈر کی قیمت میں 220 روپے اضافہ

دہلی میں بغیر سبسیڈی والے پکوان گیس سلنڈر کی قیمت میں 220 روپئے کا زبردست اضافہ کردیا گیا ہے۔ سرکاری تیل کمپنیوں کی جانب سے بڑھائی گئی قیمت 31؍دسمبر 2013ء کی نصف شب سے لاگو ہوچکی ہے۔ نئی شرحوں کے تحت دہلی میں بغیر سبسیڈی والے ایل پی جی سلنڈر اب 1214 روپے میں ملیں گے جبکہ پہلے ان کی قیمت 1021 روپئے تھی۔ کولکتہ میں قیمت 1270 روپئے اور ممبئی میں 1264 روپئے اور چینائی میں 1236 روپے ہوگئی ہے۔ سلنڈر کی قیمت بڑھائی جانے سے قبل دہلی میں سی این جی او پی ایم جی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوچکا ہے۔ دریں اثناء دارالحکومت نے گیس سلنڈر پر ملنے والی سبسیڈی براہ راست بینک کھاتوں میں منتقل کرنے کا نظام آباد سے ممبئی، دہلی اور دیگر شہروں میں شروع کردیا ہے۔ مرکزی حکومت ملک کی 18 ریاستوں کے 184 اضلاع میں یہ منصوبہ پہلے ہی نافذ کرچکی ہے۔ یکم جنوری سے یہ ملک کے مزید 105 اضلاع میں لاگو ہوجائے گا۔ دہلی میں سبسیڈی والے گیس سلینڈر کی قیمت 414 روپئے، کلکتہ میں 416 روپئے ممبئی میں 444 روپئے اور چینائی میں 401 روپئے رہے گی۔ اسی دوران چیف منسٹر کیرالا اومن چنڈی نے ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ کی اطلاعات کو مسترد کردیا ہے اور کہاکہ وزیر پٹرولیم ویرپا موئیلی نے بھی واضح کیا ہے کہ ایل پی جی کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔ اومن چنڈی نے بتایاکہ مجھے ایل پی جی کی قیمتوں میں اُس وقت اضافہ کی اطلاع ملی جب کابینہ کا اجلاس جاری تھا میں نے فوری مرکزی وزیر موئیلی سے رابطہ قائم کیا اور انہوں نے بتایاکہ قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں ہورہا ہے۔ موئیلی نے صرف اتنا بتایاکہ ایل پی جی سبسیڈی کی رقم استفادہ کنندوں کے کھاتے میں جمع کرنے کی اسکیم شروع کی گئی ہے۔ کیرالا کو آدھار نمبر بینک کھاتوں سے مربوط کرنے کیلئے دوماہ کا وقت دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر ایل پی جی کی قیمتو ں میں اضافہ کیا جاتا ہے تو ریاستی حکومت کو ویاٹ سے دستبرداری اختیار کرنا پڑے گا جس سے اس کی آمدنی متاثر ہوگی۔ اسی دوران ہوا بازی کے ایندھن کی قیمت میں بھی 2.7فیصد کا اضافہ کردیا گیا ہے۔ گذشتہ ایک ماہ میں یہ دوسرا اضافہ ہے۔

Price of non-subsidized LPG hiked by Rs 220 a cylinder

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں