متنازعہ تبصرہ پر عام آدمی پارٹی کے کمار وشواس کی معذرت خواہی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-07

متنازعہ تبصرہ پر عام آدمی پارٹی کے کمار وشواس کی معذرت خواہی

عام آدمی پارٹی لیڈر کمار وشواس نے آج ایک مذہبی تقریب کے بارے میں اپنے متنازعہ تبصرہ پر معافی مانگ لی ہے۔ قبل ازیں جنتادل یو کے رکن اسمبلی شعیب اقبال نے دھمکی دی تھی کہ اگر کمار وشواس اپنا تبصرہ واپس نہ لیں تو وہ عام آدمی پارٹی حکومت کی تائید سے دستبرداری اختیار کرلیں گے۔ کمار وشواس نے الزام عائد کیا کہ بعض جماعتیں ان کے پرانے ویڈیوز پیش کررہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جب سے میں نے کرپشن کے خلاف تحریک میں شمولیت اختیار کی ہے تمام جماعتیں ان ویڈیوز کی کلپس اپنی سہولت کے مطابق چلارہی ہیں۔ جیسے ہی مجھے اس کے بارے میں پتہ چلا میں نے معافی مانگ لی تھی۔ اگر کسی کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچی ہوتو میرا یہ ارادہ نہیں تھا۔ میں نے جو بھی کہا تھا اس کے ایک حصہ کو ایڈیٹنگ کے بعد پیش کیا جارہا ہے۔ اگر شعیب یا کسی اور کے جذبات کو ٹھیس پہنچتی ہے تو میں معافی مانگتا ہوں۔ عام آدمی پارٹی کی تائید سے دستبرداری اختیارکرنے شعیب اقبال کی دھمکی سے متعلق سوال پر کمار وشواس نے کہاکہ جہاں تک ان کی تائید کا سوال ہے یہ ان کی مرضی پرمنحصر ہے اور ان کا اختیار تمیزی ہے۔ انہوں نے کہاکہ 2005 میں کسی وقت میں یہ بات کہی تھی کہ اب تک اس پر کوئی تنازعہ نہیں ہوا تھا۔ لیکن 2013 میں پہلی مرتبہ اسے منظر عام پر لایا گیا۔ بی جے پی نے اس کی ایڈیٹنگ کی اور اپنی سرکاری ویب سائٹ پر 48 سکنڈ کی ایک ویڈیو کلپ اپ لوڈ کی۔ قبل ازیں جنتادل یو کے رکن اسمبلی شعیب اقبال نے دھمکی دی تھی کہ اگر کمار وشواس اپنے متنازعہ تبصرہ پر جس میں انہوں نے محرم (جلوس) کے بارے میں ناشائستہ ریمارکس کئے ہیں، معذرت خواہی نہ کریں تو وہ عام آدمی پارٹی کی تائید سے دستبردار ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا "میں چاہتا ہوں کہ وشواس برسر عام معذرت خواہی کریں۔ انہوں نے جو کچھ کہا ہے وہ انتہائی تکلیف دہ ہے۔ ملک کے عوام بالخصوص مسلمان اس ویڈیو کلپ میں ان کے بیان پر بے حد برہم ہیں"۔ چیف منسٹر اروند کیجریوال نے اس مسئلہ کے بارے میں کہاکہ یہ قدیم مسئلہ ہے اور وشواس نے اس سلسلہ میں پہلے ہی معذرت خواہی کرلی ہے۔ وشواس نے کہا تھا کہ وہ کوی سمیلنوں میں جاتے تھے جہاں ایسے کئی مسائل پر انہوں نے طنزیہ تبصرے کئے تھے۔ یہ مسئلہ 4یا5ماہ پہلے منظر عام پر آیا۔ کمار نے اسی وقت کہا تھا کہ ان کا ایسا کوئی ارادہ نہیں تھا۔ لیکن اگر اس کی وجہہ سے کسی کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہوتو وہ اس کیلئے معذرت خواہی کرتے ہیں۔

Kumar Vishwas apologizes for his comments on religious event

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں