لکھنؤ - یوم اقلیتی حقوق - مسائل کے تصفیہ کے بجائے محض ثقافتی پروگرام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-19

لکھنؤ - یوم اقلیتی حقوق - مسائل کے تصفیہ کے بجائے محض ثقافتی پروگرام

لکھنؤ
( ایس این بی )
ریاست میں اترپردیش اقلیتی کمیشن کی تشکیل نہ ہوپانے کے سبب اس برس عالمی یوم اقلیتی حقوق کے موقع پر راجدھانی لکھنؤ میں ریاستی سطح پر کوئی تقریب نہیں ہوئی۔ اس کے بجائے اس برس ضلع اقلیتی بہبود دفتر کے توسط سے ایک جلسہ گاندھی بھون میں ہوا۔ جس اقلیتوں کے مفاد میں چلائی جارہی سرکاری اسکیموں پر افسران نے روشنی ڈالی۔ اس موقع پر مسلم ، سکھ، عیسائی ، بودھ وغیرہ اقلیتی طبقات کے نمائندوں کے علاوہ چیف ترقیاتی افسر، ادے ویر سنگھ یادو، ایڈیشنل ضلع مجسٹریٹ وغیرہ خاص طور پر شامل رہے۔ تقریب میں بودھ بکشو کرونانند، اتر پردیش مدرسہ تعلیمی بورڈ کے ڈپٹی رجسٹرار جاوید اسلم، اتر پردیش وقف ترقیاتی کارپوریشن کے جنرل منیجر ساجد شمیم ، ارم کالج کے ڈاکٹر سید محمد خواجہ یونس، مدرسہ الا تحاد کے ڈاکٹر متین خاں، وغیرہ نے بھی شرکت کی۔ مقررین نے حکومتی سطح پر چلائی جارہی مختلف اسکیموں کی تفصیلات بتائی نیز ضرورت مندوں کو ان سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دلائی گئی۔ اس موقع پر ایک مجلہ کی رونمائی بھی ہوئی۔ یہ جلسہ اقلیتی حقوق کی بازیافت سے زیادہ ثقافتی پروگرام کی نوعیت کا رہا۔ جس میں اقلیتی طبقات کے مسائل اور ان کے تصفیہ کے نکات سے زیادہ طلبہ کے ثقافتی پروگرام پر زور رہا۔ اس سے ناراض گروپ نے گاندھی بھون کے سامنے مظاہرہ کیا اور علامتی پتلا بھی نذر آتش کیا۔ سوشلسٹ فرنٹ آف انڈیا کے تحت ہوئے مظاہرہ میں جلسہ کے منتظمین پر اقلیتوں کو حقوق دلانے کے بجائے ثقافتی پروگرام کے توسط سے اقلیتوں کا مذاق اڑائے جانے کا الزام عائد کیا گیا۔ جلسہ میں مدارسہ کے علاوہ متعدد اقلیتی تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات نے بھی شرکت کی۔ عالمی یوم اقلیتی حقوق کے موقع پر مومن انصار سبھا اتر پردیش کی جانب سے ایک ادبی تقریب کا انعقاد امین آباد واقع گنگا پرساد میموریل ہال میں ہوا۔ جس کی صدارت تنظیم کے قومی صدر محمد اکرم انصاری نے کی۔ اس موقع پر مقررین نے عالمی سطح پر اقلیتوں کے مسائل کی خصوصی طور ہندوستان میں مذہب و زبان کے اعتبار سے اقلیتی طبقات کے مسائل اور ان کے حل پر تفصیل سے روشنی ڈالی نیز آئینی طور پر ملے حقوق کو تلف کئے جانے کی سازشوں کا بھی انکشاف کیا۔ تقریب میں خواجہ معین الدین چشتی اردو، عربی، فارسی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر انیس انصاری کے علاوہ پروفیسر صابرہ حبیب ، سلمی حجاب، پروفیسر شارب ردولوی ، رباب رشیدی اور نوجوان شاعر و صحافی ڈاکٹر طارق قمر کو ان کی ادبی خدمات کے لیے اعزاز سے نواز گیا۔ تقریب کی نظامت رحمت لکھنوی نے کی۔ تقریب میں وسیم حیدر، وصی صدیقی ، اسرار حسین ، ڈاکٹر مسیح الدین مسیح موجود تھے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں