چائے فروشوں کو مودی ریلی میں بی جے پی کی خصوصی دعوت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-19

چائے فروشوں کو مودی ریلی میں بی جے پی کی خصوصی دعوت

لکھنؤ
( یو این آئی)
بی جے پی کے وزیر اعظم عہدہ کے امیدوار نریندر مودی کی وارانسی میں 20دسمبر مجوزہ ریالی میں چائے فروشوں کو خصوصی طور پر مدعو کیا جارہا ہے۔ سماج وادی پارٹی کے جنرل سکریٹری اور رکن پارلیمنٹ نریش اگروال نے مودی کا چائے بیچنے والا بتا کر مذاق اڑایا تھا۔ اگروال نے کہا تھا کہ مودی بچپن میں ریلوے پلیٹ فارم پر چائے فروخت کرتے تھے۔ چائے فروخت کرنے والا وزیر اعظم بننے کا خواب دیکھ رہا ہے۔ وارانسی کی بی جے پی یونٹ نے مودی کے اس مذاق کو چیلنج کے طور پر قبول کیا تھا اور کہا تھا ہاں وہ بچپن میں پلیٹ فارم پر چائے فروخت کرتے تھے۔ چائے فروخت کرنا کوئی بری بات ہے کیا۔ وارانسی بی جے پی کے ضلع دفتر پر مودی ٹی اسٹال بھی کھو ل دیا گیا ہے جس میں وہاں پہنچنے والوں کو چائے پلائی جارہی ہے۔ بی جے پی کے ریاستی ترجمان وجے بہادر پاٹھک نے چائے پان فروخت کرنے والوں کو ریالی میں پہنچنے کی خاص طور پر کی جانے والی اپیل کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ چائے بیچنے والے کہہ کر مودی کا مذاق اڑانے والوں کے لئے اس سے بہتر جواب اور کیا ہوسکتا ہے۔

BJP to invite 10,000 tea vendors for Modi's rally

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں