تقسیم کرنے والی طاقتیں ملک کیلئے ہنوز خطرہ - وزیر اعظم منموہن سنگھ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-18

تقسیم کرنے والی طاقتیں ملک کیلئے ہنوز خطرہ - وزیر اعظم منموہن سنگھ

وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ نے کہا ہے کہ پنجاب کے سابق وزیر اعلی آنجہانی سردار بے انت سنگھ کو انتہائی مشکل دور سے دوچار ریاست پنجاب کو انتہائی مضبوط اور ٹھوس انتظامی خدمات فراہم کرانے کیلئے یا د کیا جاتا ہے۔ وزیر اعظم سردار بے انت سنگھ کی یاد میں یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری کیے جانے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ سردار بے انت سنگھ نے برسوں تک دہشت گردی کی لعنت میں مبتلا رہنے والی ریاست پنجاب کے حالات معمول پر لانے میں غیر معمولی کامیابی حاصل کی تھی۔ اس زمانے میں پنجاب میں امن و قانون کی بحالی کوئی معمولی کام نہیں تھا اور اس کا سہرا سردار بے انت سنگھ کی غیر معمولی قیادت کے سر ہی جاتا ہے، جنہوں نے اس دشوار گزار کام کو انتہائی کامیابی کے ساتھ انجام دیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آج ہمارا سماج عموما پر امن اور سیکولر ہے اور یہ بات اس لیے ممکن ہوسکی ہے کہ سردار بے انت سنگھ جیسے مضبوط لیڈروں نے بے مثال حب الوطنی اور بے خوف قیادت کے ساتھ اس مشکل کام کو انجام دینے میں کامیابی حاصل کی۔ آج ہماری آزادی کی بنیاد ایسے ہی عظیم لیڈروں کی محنت، جانفشانی اور قربانیوں پر قائم ہے۔ اس لیے ہندوستان کی شہری حیثیت سے ہمارا فرض ہے کہ علیحدگی پسند اور انتشار پرست طاقتوں کے خلاف جنگ میں معاونت کی جائے کیوں کہ یہ طاقتیں آج بھی ملک و قوم کیلئے سنگین خطرہ بنی ہوئی ہیں۔ ڈاکٹر منموہن سنگھ نے کہا کہ سردار بے انت سنگھ کی سیاسی جد و جہد اور زندگی تقریبا چار دہائیوں پر محیط رہی ہے۔ انہوں نے سب سے پہلے 23برس کی عمر میں اپنی فوج کی ملازمت سے استعفی دے دیا تھا۔ بعد ازاں انہوں نے انتہائی اہم انتظامی عہدوں پر خدمات انجام دیں۔ 1947میں تقسیم وطن کے سانحے کے دوران سنگین مصائب سے دوچار ہونے والے لوگوں کی مدد اور خدمت انجام دینے والے آنجہانی سردار بے انت سنگھ نے 1992میں پنجاب کے وزیر اعلی کے عہدے کی ذمہ داری سنبھالی ۔ اس سے پہلے انہوں نے بلا ک سمیتی کے چیئرمین، 5مرتبہ پنجاب ودھان سبھا کے رکن اور پنجاب سرکار کے وزیر کی حیثیت سے بیش قیمت خدمات انجام دی تھیں۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ انہوں نے 1986سے 1995تک جاری رہنے والے پنجاب کے انتہائی پر آشوب حالات میں پنجاب پردیش کانگریس کمیٹی کی صدارت کی بھی ذمہ داریاں انجام دی تھیں۔

PM releases postage stamp on former Punjab CM Beant Singh

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں