پرانے شہر کی خبریں - old city news 26 dec 2013 - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-26

پرانے شہر کی خبریں - old city news 26 dec 2013


hyderabad old city news - حیدرآباد پرانے شہر کی خبریں
2013-dec-26

اعتماد نیوز
ساؤتھ زون میں گذشتہ دو ماہ سے ڈپٹی کمشنر آف پولیس موجود نہیں ہیں جس کی وجہ سے پرانے شہر کے اس حساس علاقہ میں پولیس کے کام کاج پر اثر پڑ رہا ہے۔ اکتوبر کے آخری ہفتہ میں ڈی سی پی ساؤتھ زون ترون جوشی کا تبادلہ کرتے ہوئے انہیں نظام آباد کا ایس پی بنایا گیا اور ان کی جگہ پر کرنول کے ایس پی رگھو رام ریڈی کو مقرر کیا گیا تھا لیکن رگھو رام ریڈی نے سنٹرل ایڈمنسٹریٹیو ٹریبونل میں اپنے تبادلہ کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ چار ماہ قبل ہی انہیں کرنول کا ایس پی بنایا گیا ہے اور اتنے کم وقت میں ان کا دوبارہ تبادلہ کرنا درست نہیں ہے۔ سنٹرل ایڈمنسٹریٹیو ٹریبونل نے فیصلہ رگھو رام ریڈی کے حق میں دیا۔
اب گذشتہ دو ماہ سے ساؤتھ زون میں کوئی ڈی سی پی موجود نہیں ہے۔ پہلے جوائنٹ کمشنر آف پولیس کو آر ڈینیشن سنجے کمار جین کو ساؤتھ زون کی زائد ذمہ داری دی گئی تھی ، اب جوائنٹ کمشنر آف پولیس شیوا پرساد کو ساؤتھ زون کی ذمہ داری دی گئی ہے۔
ایک سینئر پولیس عہدیدار نے بتایا کہ ساؤتھ زون میں مستقل ڈی سی پی کے طور پر ایک آئی پی ایس آفیسر کا موجود ہونا بےحد ضروری ہے۔ 6/دسمبر کے وقت بھی ڈی سی پی نہ ہونے کے سبب کافی مشکلات پیش آئی تھیں۔ کئی اعتبار سے ساؤتھ زون کا علاقہ حساس نوعیت کا حامل ہے۔ گذشتہ دو ماہ سے ڈی سی پی کا نہ ہونا سنگین غفلت ثابت ہو سکتا ہے۔ اطلاعات کے مطابق موجودہ کمشنر پولیس انوراگ شرما نے حکومت آندھرا پردیش سے خواہش کی ہے کہ ساؤتھ زون میں ایک عہدیدار کو ڈی سی پی مقرر کیا جائے۔ امکان ہے کہ آئندہ جب آئی پی ایس عہدیداروں کے تبادلے ہوں گے تب نیا ڈی سی پی مقرر کیا جائے گا۔
پولیس ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ موجودہ کمشنر انوراگ شرما پرانے شہر یعنی ساؤتھ زون پر زیادہ توجہ نہیں دے رہے ہیں۔ سابق کمشنران جیسے اے کے خان اور پرساد راؤ ہفتہ میں دو مرتبہ ساؤتھ زون کا دورہ کرتے تھے بلکہ اے کے خان اہتمام کے ساتھ ساؤتھ زون میں واقع کمشنر کے دفتر میں وقت گزارتے اور عوام سے ملاقات کرتے تھے۔ لیکن موجودہ کمشنر پرانی حویلی کا بہت کم دورہ کر رہے ہیں۔ ڈی سی پی کے نہ ہونے سے کئی بڑے واقعات کی تحقیقات بھی تعطل کا شکار ہے۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ اس سے قبل حکومت اور محکمہ پولیس نے ساؤتھ زون کے متعلق کبھی اتنی لاپروائی کا مظاہرہ نہیں کیا تھا۔


Hyderabad news, old city news, hyderabad deccan old city news, news of old city

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں