بالی ووڈ کے نامور اداکار فاروق شیخ کا دبئی میں انتقال - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-28

بالی ووڈ کے نامور اداکار فاروق شیخ کا دبئی میں انتقال

Farooq-Sheikh passed away
بالی وڈ کے نامور اداکار فاروق شیخ کا ہفتہ 27/دسمبر کی صبح دبئی میں انتقال ہو گیا ۔ وہ 65 سال کے تھے ۔ فاروق شیخ اپنی بیوی اور دو بیٹیوں کے ساتھ ایک تقریب میں حصہ لینے کے لئے دبئی گئے تھے جہاں دل کا دورہ پڑنے سے ان کی وفات ہو گئی ۔ انہوں نے ہفتہ کی صبح تقریباً 8 بجے آخری سانس لی ۔ دبئی میں سرکاری کاغذی کاروائی پوری ہونے کے بعد ان کی میت کو آخری رسومات کے لئے ممبئی لایا جائے گا ۔

فاروق شیخ ہندی/اردو فلمی دنیا اور تھیٹر کے مشہور و مقبول اداکار تھے ۔ انہیں روایتی موضوعات سے ہٹ کر متوازی فلموں میں کام کرنے کے لئے جانا جاتا تھا ۔ چھوٹے اور بڑے پردے پر انہوں نے اپنی انمٹ فنکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔ ان کی سپر ہٹ فلموں میں " گرم ہوا " ، " شطرنج کے کھلاڑی " ، "بازار"، " چشم بددور " اور " کسی سے نہ کہنا " جیسی ناقابل فراموش فلموں کا شمار ہوتا ہے۔

انہوں نے فلم " گرم ہوا " کے ساتھ بالی وڈ میں اپنے کیرئیر کی شروعات کی تھی ۔ " امراؤ جان " ، " بازار " ، " مایا میم صاب " اور " نوری " جیسی فلموں میں فاروق نے یادگار کردار نبھائے ۔ ان کی آخری فلم " کلب 60 " تھی ۔ اس سے پہلے اسی سال 2013 میں آئی فلم " یہ جوانی ہے دیوانی " میں وہ اداکار رنبیر کپور کے والد کے کردار میں نظر آئے تھے ۔ فاروق نے زی ٹی۔وی کے مشہور پروگرام " جینا اسی کا نام ہے " کی میزبانی بھی کی جس میں انہوں نے بالی وڈ کی کئی جانی مانی ہستیوں کا انٹرویو لیا تھا ۔

انہیں 2010 میں بہترین معاون اداکار کے قومی فلمی اعزاز سے نوازا گیا۔

Veteran actor Farooq Sheikh dies due to heart attack in Dubai

1 تبصرہ: