کانگریس کے لیے نتائج مایوس کن - محاسبہ کی ضرورت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-09

کانگریس کے لیے نتائج مایوس کن - محاسبہ کی ضرورت

Sonia-Gandhi-urges-Congress-introspection
عوام کے فیصلہ کو انکساری کے ساتھ قبول کرتے ہوئے کانگریس کی اعلیٰ قیادت نے آج عہد کیا کہ 2014ء لوک سبھا انتخابات سے قبل پارٹی مناسب وقت پر اپنے وزارت عظمی کے امیدوار کا اعلان کرے گی۔ صدر کانگریس سونیا گاندھی نے کہاکہ 4 ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کے نتائج پر پارٹی بے حد مایوس ہے۔ اس کے سخت محاسبہ کی ضرورت ہے۔ مسز گاندھی اور ان کے فرزند راہول گاندھی نے جو پارٹی کے نائب صدر ہیں کانگریس ہیڈ کوارٹرس پر آج شام ایک پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ سونیا نے کہا یقیناًعوام خوش نہیں ہے ورنہ وہ یہ نتیجہ نہ دیتے۔ انہوں نے شکست کے اسباب کا سرسری تجزیہ کرتے ہوئے کہا کہ اس کی کئی وجوہات ہیں جس میں مہنگائی اور مختلف مسائل شامل ہیں تاہم انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ اسمبلی انتخابات کے نتائج لوک سبھا انتخابات پر اثر انداز نہیں ہوں گے۔ انہوں نے پر اعتماد لہجہ میں کہاکہ ریاستی انتخابات میں عوام نے ریاستی سطح کی شخصیت پر توجہ مرکوز کی جو ان کی قیادت کرسکتے ہیں۔ عام انتخابات کا معاملہ اس سے مختلف ہے۔ اس وقت عوام یہ دیکھیں گے کہ قومی سطح پر کون ان کی رہنمائی کرسکتاہے اور حکمرانی کا اہل ہے۔ یہ پوچھے پر کہ کیا اب بی جے پی کے نریندر مودی کے مطابق کانگریس کے وزارت عظمی کے امیدوار کے اعلان کا وقت آگیا ہے۔ سونیا گاندھی نے کہاکہ عوام کو تشویش کی ضرورت نہیں‘ مناسب وقت پر وزارت عظمی کے امیدوار کے نام کا اعلان کردیاجائے گا۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ راہول گاندھی ہوں گے تو پہلے تو وہ جھجکیں پھر کہا اس کا فیصلہ پارٹی مناسب وقت پر کرے گی۔ راہول گاندھی نے کہاکہ انتخابات کے ذریعہ عوام نے ہمیں ایک پیام دیا ہے اور ہم نے اسے سنا۔ کانگریس کو اس کامقابلہ کرنے اٹھ کھڑے ہونے کی ضرورت ہے۔ ہمیں عوام کو سنجیدگی سے دیکھنا ہوگا۔ دہلی میں عام آدمی پارٹی کے حیران کن مظاہرہ کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر راہول گاندھی نے کہاکہ دونوں بڑی پارٹیاں کانگریس اور بی جے پی روایتی انداز میں سیاست کے بارے میں سوچتی ہیں۔ انہوں نے کہا ’’میں سمجھتا ہوں کہ ہمیں عوام کو با اختیار بنانے کے نقطہ نظر سے سوچنے کی ضرورت ہے۔ میں اب اسے مرکزی مسئلہ بناؤں گا‘‘۔ یہ احساس ظاہر کرتے ہوئے کہ اے اے پی کی کامیابی سے وہ سبق سیکھیں گے‘ راہول نے کہاکہ نئی پارٹی نے عوام کو اپنے ساتھ لیا جو روایتی پارٹیاں نہیں کرتیں۔ اب ہم عوام کو اس طرح ساتھ لیں گے جس کا آپ تصور نہیں کرسکتے۔ مودی کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر راہول نے کہاکہ وہ بی جے پی کے لیڈر ہیں۔ کانگریس کے پاس ملک کی ایک تصویر رکھتی ہے اور بی جے پی کے پاس اس کی دوسری تصویر ہے۔ ہمارا کام ہمارے نقطہ نظر کو آگے بڑھانا ہے۔ ان کا کام اپنے نظریہ کو آگے بڑھانا ہے جس پر وہ یقین رکھتے ہیں۔

Sonia Gandhi urges Congress 'introspection' after assembly election debacle

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں