قومی اردو کونسل طب یونانی کی نصابی کتب فراہم کرے گی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-19

قومی اردو کونسل طب یونانی کی نصابی کتب فراہم کرے گی

نئی دہلی
( ایس این بی )
قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان حکومت ہند اردو زبان کی ترقی کے ساتھ اردو سے جڑے تہذیبی و علمی کے فروغ اور اس کے تحفظ کے لیے بھی کام کر رہی ہے۔ قدیم تریق طریقے علاج طب یونانی کا بیشتر سرمایہ اردو زبان میں ہے اور کونسل اس سرمایے کے تحفظ کے مقصد سے طب یونانی پینل کے تحت اہم ترین کتابوں کی اشاعت کرتی آئی ہے۔ طب یونانی کی بڑھتی اہمیت و افادیت کے پیش نظر اب کونسل طب یونانی کی نصابی کتب تیار کر رہی ہے۔ اس موضوع پر غور و خوض کرنے کے مقصد سے کونسل کے زیر اہتمام حال ہی میں طب یونانی پینل کی میٹنگ کا انعقاد فروغ اردو بھون میں کیا گیا۔ اس موقعے پر کونسل کے ڈائرکٹر ڈاکٹر خواجہ محمد اکرام الدین نے کہا کہ کونسل یونانی کی تمام اہم ترین نصابی کتب کی اشاعت ماہرین کی مدد سے جلد ازجلد کرائے گی۔ انھوں نے کہا کہ روایتی علم و فن کو زندہ رہنا چاہئے اور کونسل اسے آگے بڑھانے کے لیے پر عزم ہے۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ ماہرین کتابوں کی اشاعت کے سلسلے میں کونسل کی بھر پور مدد کریں گے اور زیر غور کتابوں کے سلسلے میں تیزی سے کام کریں گے۔ انھوں نے مزید کہا کہ کونسل کا مقصد اردو زبان کی ہمہ جہت ترقی ہے اس لیے کونسل اردو زبان سے وابستہ تمام تر علمی، ادبی و تہذیبی سرمایے کے تحفظ کی کوشش کررہی ہے۔ میٹنگ کی صدارت پینل کے صدر ڈاکٹر محمد خالد صدیقی نے کی، اس موقع پر انھوں نے کونسل کے اس قدم کی ستائش کی اور کہا کہ طب یونانی میں نصابی کتب نہ ہونے کے باعث یونانی طلبہ کو خاصی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس لیے کونسل کے اس قدم سے ان مشکلات کا خاتمہ بآسانی کیا جاسکے گا۔ انھوں نے ماہرین سے اپیل کی کہ وہ جلد از جلد اپنی کتابوں کو مکمل کریں تاکہ نصابی کتب منظر عام پر آسکیں ۔ کونسل کی اسسٹنٹ ڈائرکٹر ڈاکٹر شمع کوثر یزدارنی نے تمام اراکین کا خیر مقدم کیا اور نصابی کتب کے سلسلے میں چل رہے کام کی تفصیلات پیش کیں اور ان کی حالیہ روداد سے اجلاس کو باخبر کرایا۔ میٹنگ میں پینل رکن ڈاکٹر حبیب الرحمن خان، حکیم سید ظل الرحمن ، حکیم سید مشکور احمد ، حکیم اقبال احمد قاسمی ، حکیم عبد الباری ، حکیم عبدالمعاذشمس، ڈاکٹر ایم اے جعفری کے علاوہ کونسل کی ریسرچ اسسٹنٹ ذیشان فاطمہ ، ڈاکٹر قاسم انصاری اور وسیم اقبال نے بھی شرکت کی۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں