اردو کے محض 9 طلبہ جون-2013 نیٹ مقابلہ جاتی امتحان میں کامیاب - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-11-04

اردو کے محض 9 طلبہ جون-2013 نیٹ مقابلہ جاتی امتحان میں کامیاب

ugc net
اردو کے ساتھ یو جی سی کا بے ہودہ مذاق
جون-2013 نیٹ مقابلہ جاتی امتحان کے نتائج کا اعلان
اردو کے محض 9 طلبہ ہی نیٹ میں کامیابی حاصل کر سکے ، جے آر ایف سے محروم

اردو کے ساتھ بے ہودہ مذاق کیے جانے کا سلسلہ مستقل جاری ہے۔ کبھی حکومت کی جانب سے تو کبھی تعلیمی اداروں کی جانب سے یہ مذاق کیا جاتارہتاہے۔جس کے منفی اثرات براہ راست طلبہ پر لاحق ہوتے ہیں۔ایسا ہی ایک مذاق یونیورسٹی گرانڈ کمیشن نے طلبہ کے ساتھ 30جون 2013میں منعقد ہوئے مقابلہ جاتی امتحان نیشنل ایجبلیٹی ٹیسٹ( نیٹ) میں کیا تھا۔ جس کی وجہ سے اکثر طلبہ نے امتحان دینے کے بعد ناامیدی کا اظہار کیا تھا ،اور نتائج آنے کا انتظار کررہے تھے۔لیکن طلبہ کو یہ امید نہیں تھی کہ جس طریقے سے امتحان خراب ہوا،نتائج بھی اس قدر خراب ہوں گے۔
21اکتوبر2013کو یونی ورسٹی گرانڈ کمیشن (یوجی سی )نے 79مراکزپر ہوئے 78زبانوں کے مقابلہ جاتی امتحان کا اعلان کردیاہے۔واضح رہے کہ 30جون2013میں منعقد ہوئے نیشنل ایجبلیٹی ٹیسٹ (نیٹ)اور جونیئرریسرچ فلوشپ(جے آر ایف ) کے اس مقابلہ جاتی امتحان میں ایک بھی اردو کا طالب علم دہلی سے جے آر ایف حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکا، جب کہ محض 9طلبہ نے نیٹ میں کامیابی حاصل کی ہے۔جب کہ 574448طلبہ اس مقابلہ جاتی امتحان میں پورے ہندوستان سے شریک ہوئے تھے،اور 27402طلبہ نے نیٹ میں کامیابی حاصل کی ،پورے ہندوستان سے سبھی زبانوں میں کل 3684طلبا کو یوجی سی نے جونیئر ریسرچ فلوشپ (جے آر ایف ) کا مستحق قرار دیاہے۔ شعبہ اردو دہلی یونی ورسٹی کی ریسرچ اسکالرہما رفیق نے خراب نتائج کے حوالے سے کہاکہ میں خراب امتحان اور غیر معیاری نتائج کا ذمہ دار سوالات تیار کرنے والے اساتذہ کو قراردوں گی، کیوں کہ غیر ضروری سوالات صرف دو تین کتابوں سے استفادہ کرکے تیار کردیے تھے۔سوالات کے حوالے سے ان اساتذہ سے گفتگو کی جانی چاہئے ،کیوں کہ طلبہ کے مستقبل کے ساتھ یہ واقعی ایک مذاق کیا گیاہے۔سوالات تیار کرنے والے اساتذہ پر سوالیہ نشان لگایا جاسکتاہے۔شعبہ اردو دہلی یونیورسٹی کے ریسرچ اسکالر طارق نے کہاکہ میں نے بھی جون میں نیٹ امتحان دیا تھا،وہ سوالات نصاب میں تلاش کرنا بھی بے حد دشوار تھا۔جس کا نتیجہ ہے کہ دہلی میں اردو کے صرف 9طلبہ ہی نیٹ حاصل کرسکے ہیں ،جے آر ایف کوئی نکال سکا۔
یوجی سی کو چاہئے کہ اردو کے طلبہ کے لیے کوئی نصاب طئے کرے اور اسی کے مطابق امتحان لے۔ان اساتذہ سے بھی اپیل کروں گا کہ ایسے سوالات نہ کریں جو صرف ایک صنف سے تعلق رکھتاہو۔ جے این یو کے ریسر چ اسکالر عبدالرحیم نے کہاکہ جون میں صرف داستان کے حوالے سوالات تھے جب کہ سبھی اصناف کے حوالے سے سوالات کیے جانے چاہئے۔امیر فیصل نے کہاکہ جو ن میں نیٹ کا امتحان خلاف قیاس ہوا ہے۔جس کے ذمہ دار سوالات تیار کرنے والے اساتذہ ہیں ،دیگر زبان والوں کو اس طریقے سے اردو پر انگلی اٹھانے کا موقع فراہم کیا ہے،جوکہ نہیں ہونا چاہئے۔جو سوالات کیے گئے وہ باصلاحیت طلبہ کو بھی سمجھ میں نہیں آئے تھے۔

Only 9 urdu candidates qualified in NET june-2013

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں