عادل آباد ڈگری کالج میں قومی یوم تعلیم تقریب - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-11-22

عادل آباد ڈگری کالج میں قومی یوم تعلیم تقریب

Adilabad-lecture-news
نوجوان مولانا آزاد کی زندگی سے روشنی حاصل کریں
عادل آباد ڈگری کالج میں قومی یوم تعلیم تقریب سے ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی کا خطاب

مولانا ابوالکلام آزاد کی زندگی آج کے نوجوانوں کے لئے ماضی کااثاثہ ہے جس کا حال میں مطالعہ کرتے ہوئے نوجوان اپنے مستقبل کو بہتر بنا سکتے ہیں۔ اس کے لئے نوجوانوں کوچاہئے کہ وہ امام الہند مولانا ابوالکلام آزادکی شخصیت ‘حیات اور کارناموں سے روشنی حاصل کریں۔ مولانا آزاد نے روایتی تعلیم حاصل نہیں کی لیکن مطالعے کے شوق نے انہیں کئی علوم پر مہارت دلائی۔ کم عمری میں اخبار کے اڈیٹر بنے اور شاعری کی کتاب گلدستہ شائع کی۔ آج کے نوجوانوں کو اچھی کتابوں اور اخبارات کے مطالعے کی عادت ڈالنی چاہئے۔ اور حالات حاضرہ سے باخبر رہنا چاہئے۔ مولانا آزاد نے ہوش سنبھالتے ہی ہندوستان کی جد جہد آزادی کی تحریک میں حصہ لیا تھا۔ اور 35سال کی عمر میں کانگریس کے صدر بنے تھے۔ آج کے نوجوانوں کے سامنے روزگار کے مسائل‘جہیز اور اسراف کی لعنت اور بے جا رسم و رواج اور اخلاقی قدروں کی پامالی کے مسائل ہیں ۔ جن کو دور کرنے کے لئے نوجوانوں کو سامنے آنا چاہئے اور اپنے اندر لیڈرشپ خصوصیات پیدا کرتے ہوئے اپنے اور سماج کے مسائل حل کرنا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی صدر شعبہ اردو گری راج گورنمنٹ کالج نے گورنمنٹ ڈگری و پی جی کالج عادل آباد میں مولانا آزاد قومی یوم تعلیم تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔ انہوں نے مولانا آزاد کی زندگی کے مختلف ادوار کو بیان کیا اور ان سے آج کا نوجوان کس طرح روشنی حاصل کرسکتا ہے اسے تفصیل سے واضح کیا۔ قبل ازیں کالج آڈیٹوریم میں طلبا و طالبات نے کالج کے پرنسپل مسٹر اشوک اردو میڈیم لیکچررس کلیم محی الدین لیکچرر اردو محترمہ عتیق بیگم لیکچر معاشیات ‘پرتاپ سنگھ لیکچرر ہندی کا خیر مقدم کیا۔ کلیم محی الدین نے ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی کا تعارف پیش کیا اور قومی یوم تعلیم پروگرام کی افادیت سے آگاہ کیا۔ کالج کے پرنسپل نے کہا کہ مولانا آزاد عظیم قومی رہنما تھے۔ اور ہندوستانی تعلیمی ڈھانچے کے معمار تھے۔ آج کے نوجوانوں کو بھی چاہئے کہ وہ اعلیٰ تعلیم حاصل کرتے ہوئے مولانا کے خوابوں کی تعبیر بنیں۔ عتیق بیگم نے مولانا آزاد کی زندگی کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالی۔ پرتاپ سنگھ نے ہندی میں خطاب کیا۔ اور مبارک صاحب نے شکریہ ادا کیا۔ بعد میں ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی نے طلبا سے قدری تعلیم کے نئے شامل کردہ پرچے کی تفصیلات سے طلبا کو واقف کرایا۔ اور تنظیم وقت اور ملازمت کے مواقع پر گفتگو کی ۔ ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی نے اردو میڈیم گرلز جونیر کالج میں بھی طالبات سے خطاب کیا۔جہاں ان کا خیر مقدم کالج کی پرنسپل اردو لیکچررمحترمہ ضوفشاں اور دیگر نے کیا۔

Azad day in Adilabad degree college - Extension lecture

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں