مظفر نگر فساد بے گھر افراد کی باز آبادی کاری کیلئے دیہاتیوں کی جانب سے زمین کا عطیہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-10-01

مظفر نگر فساد بے گھر افراد کی باز آبادی کاری کیلئے دیہاتیوں کی جانب سے زمین کا عطیہ

فغانہ موضع کی 3خواتین نے پولیس میں تحریری شکایت درج کرواتے ہوئے الزام لگا یا کہ فسادات کے دوران ان کی اجتماعی عصمت ریزی کی گئی اور ان کے گھروں کو جلا دیا گیا۔ ایڈیشنل ایس پی ( رورل ) الوک پریہ درشی نے صحافیوں کو بتا یا کہ 3خواتین نے پولیس میں کل تحریری شکایت درج کروائی۔ اپنی الگ الگ شکایتوں میں انھوں نے الزام لگایا کہ فسادیوں نے ان کے گھروں پر حملہ کیا اور فغانہ موضع میں فساد کے دوران ان کی عصمت ریزی کی۔ پولیس نے اس سلسلہ میں 17افراد کے خلاف 3مقدمات درج کرلئے ہیں۔ اسی دوران فساد کے نتیجہ میں بے گھر ہونے والے تقریبا 40ہزار افراد کے لئے آج اس وقت امید کی ایک کرن بندھی جب کھامپور موضع میں 6دیہاتیوں نے اپنی زرعی اراضی میں سے 14بیگھا زمین عطیہ دے دی ہے تاکہ وہاں فساد سے متاثرہ 70خاندانوں کی باز آبادکاری کے لئے ہاؤزنگ کالونی تعمیر کی جائے ۔ فساد کے دوران لانگ، فغانہ، ککڑا اور خطیہ دیہاتوں میں 70سے زائد خاندان بے گھر ہوگئے ، سعید الزماں نے کہا کہ فساد ختم ہونے کے باوجود متاثرین نے اپنے گھروں کو واپس جانے سے انکار کردیا کیونکہ انھیں اپنے گاؤں واپس ہونے پر جان کا خطرہ لاحق ہے۔ اسی دوران فسادکی بنیاد بننے والے قتل کے واقعہ میں ملوث4مفرور ملزمین کی جائیداد قرق کرنے کے احکام جاری کردئیے گئے ہیں۔ ایک مقامی عدالت نے گورو اور سچن کی ہلاکت میں ملوث 4مفرور ملزمین کی جہانگیر، نسیم، بلو اور مجسم کی جائیدادیں قرق کرنے کے احکام جاری کر دئیے ہیں۔ پولیس نے بتا یا کہ 27اگست کو کول موضع میں 2نوجوانوں کے قتل میں ملوچ ان افراد کی کی جائیداد قرق کرنے کی کار روائی شروع کردی گئی ہے۔ 27اگست کو سچن اور گورو نے ایک تنازعہ پر شاہنواز قریشی کو چاقو گھونپ کر ہلاک کردیا تھا۔ قریشی کی چیخ و پکار پر مقامی افراد جمع ہوئے اور دونوں کی پٹائی کی جس میں وہ جانبر نہ ہوسکے۔ یہی واقعہ مظفر نگر میں فساد کا سبب بنا جس میں 62افراد ہلا ک اور تقریبا 40ہزار بے گھر ہوئے ۔

Muzaffarnagar riots: Villagers donate land for rehabilitation of victims

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں