مسلم ووٹرس کو راغب کرنے مودی کا خوف نہ دلایا جائے - محمود مدنی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-10-16

مسلم ووٹرس کو راغب کرنے مودی کا خوف نہ دلایا جائے - محمود مدنی

( آئی اے این ایس )
جمعیت العلمائے ہند کے رہنما مولانا محمود مدنی نے چیف منسٹر گجرات نریندر مودی کا در پردہ حوالہ دیتے ہوئے آج سیکو لر جماعتوں سے کہا کہ وہ کسی شخص کا خوف دلاتے ہوئے مسلم ووٹ حاصل کرنے کی کوشش نہ کریں ۔ مدنی نے نیوز چینل ٹائمس نو سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ نام نہاد سیکولر جماعتوں کو منفی انداز میں ووٹ حاصل کرنے کی کوشش نہیں کرنی چاہئے۔ آئندہ انتخابات میں انھیں ہمیں کسی شخص کا خوف دلاتے ہوئے منفی انداز میں ہمارے ووٹ حاصل نہیں کرنے چاہئیں۔ جمعیت العلماء ہند، 90سال قدیم تنظیم ہے جو مسلمانوں میں سماجی ، تعلیمی اور مذہبی اصلاحات اور اسلامی عقائد ، شانخت ، ورثے اور عبادت گاہوں کے تحفظ کے لیے سر گرم ہے۔ محمود مدنی بظاہر مودی کا حوالہ دے رہے تھے جو بی جے پی کے وزرات عظمی امیدوار ہیں۔ گجرات میں2002کے فرقہ وارانہ فسادات کے سلسلہ میں کانگریس اور چند دیگر جماعتیں انھیں نشانہ تنقید بناتی رہی ہیں۔ کئی کانگریس قائدین مودی کو تفرقہ پسند شخصیت قرار دیتے رہے ہیں اور مختلف گوشوں سے یہ کہہ کر خوفزدہ کرنے کی کوشش کی جاتی رہی ہے کہ مودی کو وزرات عظمی امیدوار کی حیثیت سے پیش کرنے پر اقلتیں غیر بی جے پی امیدواروں کی تائید میں ووٹ دیں گے۔ محمودمدنی نے کہا کہ سیکو لر جماعتوں کو یہ بتانا چاہئے کہ انھوں نے اقلیتوں کے لیے کیا کیا ہے اور مستقبل کے لیے ان کے کیا منصوبے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ مساوی مواقع کی فراہمی کے لیے وہ کیا منصوبے رکھتی ہیں۔ انھوں نے کسی جماعت کا نام لیے بغیر کہا کہ سیکولر جماعتوں کو یہ بتا نا چاہئے کہ ان کے انتخابی منشورمیں کئے گئے وعدوں کی تکمیل کی گئی ہے۔

کانگریس کی جانب سے محمود مدنی کا بیان مسترد
( پی ٹی آئی)
کانگریس پارٹی نے مسلمانوں میں نریندر مودی کا خوف پیدا کرنے سے متعلق مولانا محمود مدنی کے بیان کو مسترد کردیا۔ کانگریس ترجمان میم ۔ افضل نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی کیس ایک فرد کو ذہن میں رکھ کر حکمت عملی تیار نہیں کرتی ، بلکہ پارٹی کی حکمت عملی پالیسیوں اور پروگرام کے مطابق ہوتی ہے۔ میم۔ افضل نے یاد دلایا کہ محمود مدنی نے ماضی میں کانگریس اور اس کی پالیسیوں کی ستائش کی تھی۔ انہوں نے مودی سے متعلق مولانا مدنی کے بیان پر حیرت کا اظہا ر کیا۔

Congress should not try to get Muslim votes by creating fear about Narendra Modi - JUH Chief Mahmood Madani

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں