چارہ اسکام میں لالو پرساد یادو خاطی - جیل منتقل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-10-01

چارہ اسکام میں لالو پرساد یادو خاطی - جیل منتقل

سابق چیف منسٹر بہار لا لو پرساد یادو( صدر آرجے ڈی) کو آج اس وقت ایک بڑا دھکا لگا جب خصوصی عدالت سی بی آئی نے ،17سالہ قدیم ایک مقدمہ، چارہ اسکام کیس میں رشوت ستانی کا خاطی قرار دیا۔ اس طرح وہ پارلیمنٹ سے نا اہل قرار پاتے ہیں اور وہ آئندہ کم از کم 6سال کے لئے انتخابات میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔کیس میں جہان آباد کے موجودہ ایم پی جگدیش شرما( جنتا دل یو ) کو بھی خاطی قرار دیا گیا ہے۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں نا اہل قرار پانے والے وہ تیسرے ایم پی ہیں۔ یہاں یہ تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ بمشکل 2ہفتہ قبل مرکزی وزیر صحت وراجیہ سبھا کے موجودہ رکن رشید مسعود کو ایک رشوت ستانی کیس میں خاطی قرار دیا گیا تھااور انہیں پارلیمنٹ کی رکنیت سے نااہلی کا سامنا ہے۔ چارہ اسکام کیس میں مزید 43ملزمین بشمول جگناتھ مشرا ( سابق چیف منسٹر بہار) 5سیاستدانوں اور 4آئی اے ایس عہدیداروں کو بھی خصوصی عدالت سی بی آئی کے جج پرواس کمار سنگھ نے خاطی قرار دیا ہے۔ ان ملزمین پر چائباسا خزانہ سے 37.7کروڑ روپے دھوکہ دہی کے ذریعے نکالنے کا الزام تھا۔ عدالت نے سزا کے اعلان کے لئے تاریخ آئندہ 3اکتوبر مقرر کی ہے۔ لا لو پرساد یادو، مشرا اور دیگر افراد کو قانون انسداد رشوت ستانی اور تعزیرات ہند کی مختلف دفعات کے تحت خاطی قرار دیا گیا ہے۔ یادو کو زیادہ سے زیادہ 10سال کی سزائے قید دی جاسکتی ہے۔ ایسے میں جبکہ بہار میں آر جے ڈی کے حریفوں بی جے پی اور جنتا دل یو نے عدالتی فیصلہ کا خیر مقدم کیا ہے،آرجے ڈی کی حلیف کانگریس نے محض یہ کہنے پر اکتفا کیا ہے کہ قانون نے اپنا کام کیا ہے۔ قائد جنتا دل یو و چیف منسٹر بہار نتیش کمار یادو نے جو کھبی لالو پرساد کے ساتھی تھے، عدالتی فیصلہ پر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا ہے۔ اسی دوران آر جے ڈی نے کہا ہے کہ فیصلہ کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا جائے گا۔ پار ٹی کے قائدین نے بتا یا کہ وہ لالو پرساد کے غیاب میں پارٹی کی سرگرمیوں کو آگے بڑھانے کے حکمت عملی پر غور کریں گے۔ 65سالہ لالو پرساد نے جن کے ساتھ ان کے فرزند تیجسوی بھی تھے، فیصلہ پر کوئی ردعمل ظاہر کرنے سے انکار کردیا۔ لا لو پرساد پرسکون نظر آرہے تھے، عدالت سے سیدھے ان کی کار ، رانچی کے مضافات میں واقع برسامنڈل سنٹرل جیل کی طرف تیزی سے چلی گئی۔ عدالت نے آئی اے ایس آفیسر آرو موگم، بہار کے سابق اے ایچ ڈی او ر وزیر لیبر ودیاساگرنشد،سابق ایم ایل اے دھرو بھگت،اور چارہ سربراہ کرنے والے 5افراد کو 3سال تک کی سزا سنائی ہے۔ قبل ازیں آج لالو پرساد یادو ایک سفید ایمبسڈر کار کے ذریعہ عدالت اور ہاتھ ہلا کر اپنی پارٹیوں کے حامیوں کا جواب دیا۔ عدالت میں جب فیصلہ سنا یا جارہا تھاتب وہ دوسری صف میں بیٹھے ہوئے تھے، دریں اثناان کے خاندان کے ذرائع نے بتا یا کہ لا لو پرساد، انہیں خاطی قرار دینے کے خلاف جارکھنڈ ہائی کورٹ میں اپیل کریں گے۔ ذرائع نے الزام لگایا ہے کہ لا لو پرساد، اپنے حریفو ں کی "سازش"کا شکار ہوئے ہیں۔ تیجسوی نے رانچی میں اخبار نویسوں کو بتا یا کہ "ہم ، ہائی کورٹ میں اپیل کریں گے۔ ہمیں عدلیہ پر پورا اعتماد ہے۔ہم ، عوام کی عدالت سے بھی رجوع ہوں گے اور آنے والے انتخابات میں ان عناصر کا جواب دیں گے۔ جنہوں نے ہمارے قائد کو نشانہ بنا یا ہے"۔پٹنہ میں لالو پرساد کی اہلیہ اور سابق چیف منسٹر رابڑی دیوی نے کہا ہے کہ ہم انہیں ( لا لو پرساد کو ) خاطی نہیں مانتے۔ رابڑی آج دن بھر پٹنہ میں اپنی سرکاری قیام گاہ (10سرکولر روڈ)میں ہی موجود رہیں۔ رانچی میں سی بی آئی عدالت کی جانب سے فیصلہ سنائے جانے کے تھوڑی ہی دیر بعد انہوں نے بعض میڈیا ارکان سے اظہار خیال کیا۔ رابڑی دیوی کے قیام گاہ کے دروازے آج صبح ہی سے بند تھے اور یہ مکان سنسان نظر آرہا تھا۔ ( یہ مکان چیف منسٹر نتیش کمار کی قیام گاہ سے قریب ہی واقع ہے)۔رابڑی دیوی نے کہا کہ ہم "صدر ، آر جے ڈی کے لئے انصاف مانگنے، جنتا کی عدالت سے رجوع ہونگے"،رابڑی دیوی نے کہا کہ ان کے شوہر اپوزیشن کی سازش کا شکار ہوئے ہیں "،سی بی آئی اور پولیس نے ہمارے مکان ، ہمارے سسرالی مکان اور دیگر مقامات کی تلاشی لی لیکن کیا ان عہدیداروں کو چارہ اسکام سے کمائی گئی کوئی رقم ملی"؟رابڑی دیوی نے مزید کہا کہ "کیا کوئی چیف منسٹر سرکاری خزانہ سے رقم نکالتا ہے، کیا یہ سرکاری عہدیدار نہیں کرتے ؟ایک چیف منسٹر اسمبلی مین بجٹ منظور کراتا ہے اور سرکاری خزانہ سے خود کوئی رقم نہیں نکالتا "۔تاہم رابڑی دیوی نے سازشیوں کے نام بتانے سے انکار کردیا اور کہا کہ "ہر کوئی یہ نام جانتا ہے"۔انہوں نے الزام لگایا کہ "رشوت ستانی میں ملوث ہونے کے باوجود نتیش کماراور شیو آنند تیواری جیسے قائدین ، اقتدار کی گدیوں پر ہیں۔

Lalu Prasad Yadav found guilty in fodder scam, sent to jail

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں