اردو صحافت میں نمایاں کارکردگی کے لئے نئی دنیا ایوارڈ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-09-09

اردو صحافت میں نمایاں کارکردگی کے لئے نئی دنیا ایوارڈ

nai dunya awards
آزاد ہندوستان میں ذمہ دار اردو صحافت کے علمبردار، سرکردہ صحافتی احمد سعید ملیح آبادی کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ نوازنے کا اعلان کیاگیاہے۔ معروف صحافتی شاہد صدیقی کی ادارت میں نکلنے والے اردو"نئی دنیا" نے 2013ء میں اپنی اشاعت کے40سال مکمل کرلئے ہیں۔ اس موقع پر صحافیوں اور اخباری اداروں کو ان کی خدمات کے اعتراف میں ایوارڈ سے نوازنے کافیصلہ کیاگیاہے۔ اس ایوارڈ کی جیوری معروف صحافی کلدیپ نیر، سید شاہد مہدی سابق وائس چانسلر جامعہ ملیہ اسلامیہ، پروفیسر اختر الواسع، م افضل،معصوم مرادآبادی اور دیگر ممبران پر مشتمل ہے۔یہ ایوارڈ ہر سال پرنٹ والکٹرانک صحافت میں نمایاں کارکردگی کیلئے دیئے جائیں گے اور آئندہ سال سے ایک ایوارڈ ایسے موسیقار یا گلوکار کو دیاجائے گا جسنے اپنے فن کے ذریعہ اردو زبان کی ترقی میں تعاون دیاہو۔ نائب صدر حامد انصاری نئی دنیا ایوارڈ پیش کریں گے۔ ہندوستان میں اردو صحافت کا مستقبل کے عنوان پر مباحثہ تجویز کیاگیاہے۔ نیز پروگرام کے فوراً بعد ممتاز گلوکارہ انیتا سنگھوی غزل وصوفیانہ کلام پیش کریں گی۔ خیال رہے کہ اردو روزنامہ نئی دنیا کا آغاز آزاد ہندوستان میں جدید صحافت کے پرچم بردار مولانا عبدالوحید صدیقی ؒ نے1951ء میں کیاتھا جو کچھ وجود کی بناء پر 1963ء میں بند ہوگیا ۔ بعدازاں شاہد صدیقی نے ہفت روزہ کی شکل میں نئی دنیا کانئے سرے سے آغاز کیا جس نے بہت جلد شہرت کی بنلدیوں کو سرکرلیا اور اردو صحافت میں تحقیقاتی و قابل اعتماد اسلوب سے متعارف کروایا۔1975ء کے (ایمرجنسی)ہنگامہ کے حالات کے خلاف نئی دنیا نے زور دار احتجاج کیا، جس کی پاداش میں مولانا عبدالوحید 80سال کی عمر میں گرفتار کرلئے گئے لیکن نئی دنیا نے مخالفت جاری رکھی۔ شاہد صدیقی کی ادارت میں نئی دنیا نے صاف ستھری اور تحقیقاتی صحافت کی روایت کو قائم رکھا اور ہر سطح کے سرکاری یا غیر سرکاری دباؤ کو قبول کرنے سے انکار کیا۔

*بہترین ادارتی فرائض کیلئے انقلاب کو وقارِ صحافت ایوارڈ
*بہترین اردو روزنامہ کیلئے سیاست حیدرآباد کو عظمت صحافت ایوارڈ
*بہترین رپورٹنگ کیلئے راشٹریہ سہارا کو آدابِ صحافت ایوارڈ
*بہترین تزئین اور خاکوں کیلئے اردو ٹائمز ممبئی کو تزئین صحافت ایوارڈ
*اردو زبان کے فروغ میں تعاون کیلئے "ریختہ" کے سنجیو صراف کو فروغ اردوایوارڈ
*اردوزبان میں قومی یکجہتی کا پیغام دینے کیلئے مرحوم اصغر علی انجینئر کو بعداز مرگ قومی ایکتا ایوارڈ
*قومی یکجہتی اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کیلئے نمایاں کردار پر ونود مہتا کو قومی یکجہتی ایوارڈ
*اردو صحافت کے فروغ اور ترقی کیلئے احمد سعید ملیح آبادی کولائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ۔

Nai Dunya Awards for urdu journalism

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں