کشمیر کے شوپیان اور کلگام میں کرفیو نافذ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-09-09

کشمیر کے شوپیان اور کلگام میں کرفیو نافذ

جنوبی کشمیر کے شوپیان اور کلگام ٹاؤنس میں تشدد کے ایک واقعہ کے بعد احتیاطی طورپر غیر معینہ مدت کا کرفیو نافذکردیاگیا۔ کگران میں سنٹرل ریزروپولیس فورس(سی آر پی ایف)کی فائرنگ میں4افراد کی ہلاکت کے بعد کل سے علاقہ میں سخت کشیدگی پائی جاتی ہے۔ اس واقعہ کے بعد شوپیان اور جنوبی کشمیر کے دیگر حصوں میں کل تشدد پھوٹ پڑا تھا جبکہ وادی کی کئی تنظیموں نے اس واقعہ کے خلاف آج ہڑتال کا اعلان کیا۔ سیکوریٹی فورسس نے مظاہرین کو منتشر کرنے لاٹھی چارج کیا اور آنسو گیس کے شیل برسائے۔ مظاہرین کا دعویٰ ہے کہ ہلاک ہونے والے تمام چار افراد عام شہری تھے اور سیکوریٹی فورسس نے بلااشتعال فائرنگ کرتے ہوئے انہیں ہلاک کردیا۔ جموں و کشمیر کے گرمائی دارالحکومت سرینگر اور دیگر اہم شہروں و تحصیل ہیڈ کوارٹرس میں آج دوسرے دن بھی ہڑتال کے سبب عام زندگی متاثر رہی۔ موسیقار ذوبین مہتا کے موسیقی ریز پروگرام"احساس کمیشر" کے خلاف جو مشہور ڈل جھیل کے کنارے واقع شالیمار گارڈن میں کل شام منعقد ہوا، وادی کے مسلمانوں کی جانب سے کل ہڑتال منظم کی گئی تھی جبکہ آج بند کی اپیل حریت کانفرنس کے دونوں گروپوں جے کے ایل ایف اسلامی تنظیم آزادی اور دیگر علیحدگی پسند تنظیموں کی جانب سے4افراد کی سی آر پی ایف کی فائرنگ میں ہوئی ہلاکتوں کے خلاف کی گئی ۔ مختلف تنظیموں کی اپیل پر آج بازار اور کاروباری ادارے بند رہے۔ سرینگر اور اطراف کے علاقوں میں دکانیں بند دیکھی گئیں۔ شہر میں سڑکوں سے ٹرافک غائب تھی تاہم نجی گاڑیاں چلتی ہوئی دیکھی گئیں۔

Curfew in parts of Shopian, Kulgam districts in Jammu and Kashmir

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں