نیویارک میں امریکہ اور ایران کی تاریخی بات چیت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-09-25

نیویارک میں امریکہ اور ایران کی تاریخی بات چیت

واشنگٹن
امریکہ اور ایران کے وزرائے خارجہ کے درمیان ایک تاریخی ملاقات، جمعرات26ستمبر کو نیویارک میں ہوگی۔ ایران کے متنازعہ نیوکلیر پروگرام پر بات چیت ہوگی۔ اس ملاقات کو ایک اہم سفارتی کامیابی قرار دیاجارہاہے۔ زائد از 30برس کی مدت میں2روایتی حریف ممالک کے درمیان یہ پہلی ملاقات ہوگی۔ امریکی سکریٹری آف اسٹیٹ جان کیری اور نئے وزیر خارجہ ایران محمد مواد ظریف کی اس ملاقات میں دیگر5ممالک برطانیہ، چین ، فرانس ، جرمنی اور روس کے وزرائے خارجہ بھی شرکت کریں گے ۔ یہ ملاقات اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں ہوگی۔ امریکی عہدیداروں نے کل یہ بات بتائی۔ علاوہ ازیں وائٹ ہاؤز کے عہدیداروں نے صدر امریکہ بارک اوباما اور صدر ایران علامہ حسن روحانی کے درمیان ملاقات کے امکانات کو کلیتاً مسترد بھی نہیں کیا ہے ۔ یہ ملاقات نیویارک میں جنرل اسمبلی اقوام متحدہ کے اجلاس سے وقت فارغ کرتے ہوئے ہوسکتی ہے۔

نیویارک
امریکہ صدر بارک اوباما نے ایران کی مصالحانہ پیش کش کا خیر مقدم کیاہے اور کہاہے کہ اس کے ساتھ سفارت کاری کے راستے کو آزمایا جانا چاہئے۔ان کا کہنا ہے کہ انہیں ایرانی صدر حسن روحانی کے اعتدال پسندانہ نقطہ نظر سے حوصلہ ملاہے۔ وہ منگل کو نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ حسن روحانی کے مصالحانہ الفاظ کو اقدامات کے ذریعہ عملی جامہ پہنایاجائے اور یہ اقدامات شفاف اور قابل تصدیق ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہاکہ وہ ایران کے ساتھ باہمی احترام پر مبنی نئے تعلقات کا آغاز چاہتے ہیں تاہم انہوں نے امریکہ کے اس عزم کااعادہ کیاکہ ایران کو جوہری ہتھیار بنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور دنیا کو یہ اعتماد دلانے کی ضرورت ہے کہ ایران کاجوہری پروگرام پرامن مقاصد کیلئے ہے۔ صدر اوباما کی جنرل اسمبلی میں اس تقریر سے قبل امریکی نیوز چینل این بی سی کے ساتھ انٹرویو میں صدر حسن روحانی نے کہاکہ ’’ایران جوہری ہتھیاروں کی تیاری کیلئے پیش رفت نہیں کرے گا۔‘‘ ان کا کہنا ہے کہ ایران کا جوہری پروگرام پُرامن مقاصد کیلئے ہے۔ امریکی صدر کی آج جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ایرانی ہم منصب سے دوبدو ملاقات بھی متوقع ہے ۔ اگر ایسا ہوجاتاہے تو امریکی اور ایرانی صدور کے درمیان گذشتہ تیس سال میں یہ پہلی ملاقات ہوگی، البتہ ان کے درمیان پہلے سے کوئی ملاقات طئے نہیں ہے۔ وائٹ ہاؤز نے بارک اوباما اور حسن روحانی کے درمیان ملاقات کے امکان کو مسترد نہیں کیاہے۔

US, Iran to hold historic talks on nuclear programme

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں