پاکستان دہشت گردی کی مشنری کو بند کرے - وزیر اعظم منموہن سنگھ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-09-29

پاکستان دہشت گردی کی مشنری کو بند کرے - وزیر اعظم منموہن سنگھ

وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ نے آج عالمی قائدین سے ببانگ دہل کہہ دیا کہ ہندوستان کے اتحاد اور اس کے علاقائی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ ہرگز نہیں ہوسکتا۔ کشمیر، ہندوستان کا اٹوٹ حصہ ہے۔ ڈاکٹر سنگھ نے جنرل اسمبلی اقوام متحدہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان نواز شریف پردرپردہ تنقید بھی کی اور یہ واضح کردیا کہ ہندوستان، پاکستان کے ساتھ تمام مسائل بشمول جموں وکشمیر کوشملہ معاہدہ کی بنیاد پر باہمی بات چیت کے ذریعہ مخلصانہ طورپر حل کرنے کا پابند ہے۔ تاہم انہوں نے کہاکہ پیشرفت کیلئے یہ لازمی ہے کہ پاکستان کے علاقہ اور اس کے زیر کنٹرول علاقوں کو،ہندوستان کے خلاف دہشت گردی میں مدد کیلئے استعمال نہ ہونے دیاجائے۔(ڈاکٹر منموہن سنگھ، 29ستمبر کو اپنے پاکستانی ہم منصب نواز شریف سے بات چیت کرنے والے ہیں۔)ڈاکٹر سنگھ نے یاد دلایا کہ جنرل اسمبلی اقوام متحدہ کی اسی شہ نشین سے نوازشریف نے کل خطاب کرتے ہوئے ایک نئی شروعات کرنے کی بات کہی تھی۔"میں، ان جذبات و احساسات کا مثبت جواب دیتاہوں اور میں، کل ان سے ملاقات کا متمنی ہوں۔" منموہن سنگھ نے صاف طورپر یہ بھی کہہ دیا کہ "یہ بات بھی مساویانہ اہمیت کی حامل ہے کہ اس دہشت گرد مشنری کو بند کردیاجائے جو پاکستان سے مدد حاصل کرتی ہے۔" وزیراعظم ہند نے پاکستان میں موجود دہشت گرد مشنری پر زبردست تنقید کرتے ہوئے عالمی قائدین سے کہاکہ سرحد پار سرکاری سرپرستی میں جاری دہشت گردی پر ہندوستان کو گہری تشویش ہے اور اس بات پر بھی تشویش ہے کہ اس علاقہ میں دہشت گردی کا مبدا پاکستان کے پڑوس میں ہے۔"ہمیں بالخصوص اقوام متحدہ میں، اپنے عہد کی تجدید کرنے کی ضرورت ہے۔ یہ عہد، دہشت گردی کے خلاف مشترکہ، جامع اور مسلسل عالمی کاروائی سے متعلق ہے۔" انہوں نے کہاکہ دہشت گردوں کوپناہ دینے والے، اسلحہ سربراہ کرنے والے، تربیت دینے والے یا مالیہ فراہم کرنے والے ممالک کوبرداشت نہیں کیاجاسکتااور نہ ہی یہ ممالک اپنے علاقوں کو دہشت گردی کے اقدامات کیلئے استعمال ہونے سے روکنے کی ذمہ داری سے پہلو تہی کرسکتے ہیں۔" وزیراعظم ہند نے کہاکہ دہشت گردی، ہر جگہ سلامتی اور استحکام کیلئے سنگین خطرہ برقرار ہے۔ دنیا بھر میں دہشت گردی کے سبب کثیر تعدا دمیں بے قصور افراد کی جانیں ضائع ہورہی ہیں۔ گذشتہ چند روز کے دوران افریقہ سے لے کر ایشیاء تک اس لعنت کے کئی واقعات پیش آئے ہیں۔ افغانستان کا حوالہ دیتے ہوئے منموہن سنگھ نے کہاکہ یہ ملک ایک تاریخی سیاسی سیکوریٹی اور معاشی تبدیلی کیلئے تیاری کررہاہے۔"بین الاقوامی برادری کو چاہئے کہ وہ جنگ سے تباہ اس ملک کے عوام کی مدد کرے۔ تبدیلی کی اس راہ میں دہشت گردی کا مقابلہ کرنے، گذشتہ ایک دہے کی ترقی کی حفاظت کرنے اور ایک مستحکم، متحدہ ونیزخوشحال افغانستان کیلئے مدد کی جائے۔"

Pakistan must shut down terror machinery operating on its soil - PM Manmohan Singh

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں